ویانا ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے ٹینس اسٹار اینڈی مرے ویانا اوپن کے فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی جو ولفریڈ سونگا کو شکست دے کر عالمی نمبر 1 پوزیشن کے قریب پہنچ گئے۔ اینڈی نے ویانا اوپن کے فائنل میں دلچسپ مسابقت کے بعد سونگا کو 3-6، 6-7(6-8) سے شکست دی۔ برطانوی اسٹار سال کے آخر تک عالمی نمبر ایک سربیا کے نواک جوکویچ کی پوزیشن کو چھیننے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور سونگا کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر مسلسل تیسرا ٹائٹل حاصل کیا ، جس کے ساتھ وہ عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کے مزید قریب آگئے ہیں۔ اینڈی نے سونگا کو پہلے سٹ میں بہ آسانی شکست دی ۔ مگر دوسرے سٹ میں انھیں حریف کھلاڑی کی عمدہ مزاحمت کے باعث کافی جدوجہد کرنا پڑا۔ تاہم وہ میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اینڈے نے حال ہی میں بیجنگ اوپن اور شنگھائی اوپن میں کامیابی کے ساتھ درجہ بندی میں جوکویچ کی برتری گھٹا دی تھی۔ یہ اُن کی سال میں 78 ویں کامیابی تھی جبکہ سیزن میں ساتواں ٹائٹل جیتا، جو اُن کے کریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ لندن میں سیزن کے آخری ٹائٹل اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز سے قبل اگر اینڈی پیرس ماسٹرز میں کامیابی حاصل کرپائے تو وہ درجہ بندی میں جوکویچ کی بالادستی کو ختم کرسکتے ہیں۔ عالمی نمبرایک جوکویچ اور نمبر دو اینڈی کے درمیان 415 پوائنٹس کا فرق ہے جبکہ پیرس ماسٹرز دونوں کھلاڑیوں کیلئے بہت اہم ہے۔