اینڈی مرے 500 میچز جیتنے والے پہلے برطانوی

میامی ۔یکم اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے نے کیون اینڈرسن کو شکست دے کر اپنے کریئر کی 500 ویں جیت حاصل کی۔وہ اس سنگ میل کو عبور کرنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بن گئے۔عالمی درجہ بندی میں تیسرے مقام پر موجود مرے جنوبی افریقہ کے اینڈرسن کو تین سٹوں میں 4-6، 6-3، 3-6 سے شکست دے کر میامی اوپن کے کوارٹرفائنل میں پہنچے۔اس جیت کے ساتھ دنیائے ٹینس کے گرانڈ سلام اور اوپن عہد میں اینڈی مرے 500 جیت حاصل کرنے والے 46 ویں کھلاڑی بن گئے۔ 500 بار جیت کا سنگ میل حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں میں سے صرف نو کھلاڑی ابھی بھی ٹینس کھیل رہے ہیں۔ مرے نے یہ جیت 10 سال سے ذرا کم مدت میں حاصل کی۔ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ مرے نے اپریل 2005 ء میں اپنے پیشہ ورانہ کریئر کا آغاز کیا تھا ۔ اس طرح انھوں نے یہ کارنامہ دس سال سے ذرا کم وقفے میں انجام دیا۔مرے نے بتایا کہ میامی میں 500 ویں کامیابی سے ہمکنار ہونابہت مناسب ہے کیونکہ وہ یہاں تربیت کیلئے زیادہ تر وقت گذارتے ہیں۔انھوں نے کہا: ’’مجھے امید ہے کہ میں اس جیت کو محرک کے طور پر استعمال کرکے مزید میچز جیت سکتا ہوں۔ میرے خیال سے یہ میرا آخری میچ نہیں‘‘۔کسی کے کریئر کو جانچنے کے کئی طریقے ہو سکتے ہیں لیکن 800 سے 900 تک میچز جیتنا شاذو نادر اور مشکل امر ہوتا ہے۔ اس لئے یہ جیت آپ کو یہ حوصلہ دیتی ہے کہ اس ہدف پر نظر رکھیں۔راجر فیڈرر نے 1012 میچز جیت رکھے ہیں ،رفائل نڈال نے 721 جبکہ نوواک جوکووچ نے 625 میچز جیت رکھے ہیں۔سر فہرست پانچ بار یوایس اوپن جیتنے والے جمی کانرز کانام سب سے اوپر ہے جن کی مجموعی کامیابیوں کی تعداد 1235 ہے۔