نیویارک ۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) تین مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن برطانیہ کے اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے، انہیں اسپین کے فرنانڈو ورڈاسکو نے دوسرے راؤنڈ میں شکست دی۔نیویارک میں کھیلے جارہے یوایس اوپن میں فرنانڈو ورڈاسکو نے اینڈی مرے کو 7-5 ، 2-6، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر ان کاگرانڈ سلام سفر ختم کر دیا۔14 ماہ بعد گرانڈ سلام کھیلنے والے اینڈی مرے اور ورڈاسکو کے درمیان مقابلہ 3 گھنٹے 23 منٹ جاری رہا۔دفاعی چمپئن اسپین کے رافل نڈال نے غیر سیڈ واسیک پوسپسل کے خلاف کامیابی کے ساتھ یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں آسانی سے داخلہ کر لیا ہے ۔ نڈال نے مرد سنگلزکے دوسرے راؤنڈ میں کینیڈین کھلاڑی پوسپسل کو راست سٹوں میں6-3 ،6-4 ،6-2 سے شکست دی۔ ان سے پہلے دور میں بھی آسان جیت ملی تھی جب ہم وطن ڈیوڈ فیرر دوسرے سٹ میں ہی میچ سے دستبردارہوئے تھے ۔ نڈال نے پہلا سٹ35 منٹ میں جیتا جبکہ88 ویں رینک پوسپسل جدوجہد کرتے رہے ۔ٹاپ سیڈ کھلاڑی اگلے راؤنڈ میں27 ویں سیڈ روس کے کارین خاچانوو کے خلاف کھیلیں گے ۔ ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو نے امریکہ کے ڈینس کڈلا کو دوسرے راؤنڈ میں 6-3 ،6-1 ،7-6 سے شکست دی۔ پوٹرو نے میچ میں20 ایس لگائے اور پہلے سرو پر85 فیصد پوائنٹس لیتے ہوئے دوگھنٹے سے کم وقت میں میچ جیت لیا۔امریکہ کے جان اسنر نے چلی کے نکولس جیسی کو پانچ سٹ کے میراتھن میچ میں 6-7 ،6-4 3-6 ،7-6 ،6-4 سے شکست دی۔