اینڈی مرے ٹینس نہیں چھوڑنے کے فیصلے پر خوش

سابق عالمی نمبر 1 کی پیر کو برسبین انٹرنیشنل سے ایکشن میں واپسی
برسبین ، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کا کہنا ہے کہ وہ ٹینس کو خیرباد نہ کہنے کے اپنے فیصلے پر خوش ہیں حالانکہ کولہے کی انجری کی وجہ سے وہ سال کے 11 ماہ ایکشن سے دور رہے۔ تین مرتبہ گرانڈ سلام چمپئن سیزن کے شروعاتی برسبین انٹرنیشنل میں ٹینس ایکشن میں اپنی واپسی سے قبل اظہار خیال کررہے تھے۔ یہ ایونٹ پیر کو کوئنس لینڈ ٹینس سنٹر میں شروع ہورہا ہے۔ اینڈی جنھوں نے برسبین ٹائٹل 2012ء اور 2013ء میں جیتا ہے، اس ٹورنمنٹ میں عالمی درجہ بندی 256 کے ساتھ داخل ہورہے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے 31 سالہ اسٹار نے اوائل 2018ء میں برسبین میں کھیلنے کا ارادہ کیا تھا، لیکن عین ٹورنمنٹ کے موقع پر انھیں دستبرداری پر مجبور ہونا پڑا اور پھر ہِپ انجری کے سبب ہی آسٹریلین اوپن بھی نہیں کھیل پائے۔ اس کے بعد جلد ہی انھوں نے سرجری کرالی، جس نے انھیں سال کے زیادہ تر حصے تک کھیل سے دور رکھا۔ انھوں نے گریگور دیمترروف کے ساتھ پریکٹس کے بعد بات چیت میں اپنے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے تعلق سے سوال کے جواب میں کہا کہ آپ بلاشبہ اپنی شرائط پر وداع ہونا چاہیں گے۔ ’’اگر میں نے چھ ماہ قبل فیصلہ کیا ہوتا، جبکہ کچھ کھیل نہیں پارہا تھا اور اس مرحلے پر واپس نہیں آیا تھا جہاں میں دوبارہ مسابقت کرسکوں، اگر ایسا ہوتا تو میں ماضی کے بارے میں سوچ کر افسوس کیا ہوتا۔ میں نے حوصلہ قائم رکھا اور اپنے لئے بہترین ممکنہ موقع دستیاب کرایا ، جہاں میں خوش ہوں۔‘‘