نیویارک ، 8 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے کائی نشیکوری نے یو ایس اوپن کوارٹر فائنل میں اینڈی مرے کو حیران کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا جبکہ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے گرانڈ سلام ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنلز میں جگہ بنا لی ہے۔ سال کے آخری گرانڈ سلام میں کھیلے گئے ڈرامائی کوارٹر فائنل میں 6-1 سے پہلا سٹ جیت کر اینڈی نے جاپانی حریف پر اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن نشیکوری نے اگلا سٹ 6-4 سے جیت کر مقابلہ 1-1 سٹ سے برابر کردیا۔ تاہم اینڈی نے ایک بار پھر میچ میں واپسی کرتے ہوئے تیسرے سٹ میں 6-4 سے کامیابی اور 2-1 سٹ کی برتری حاصل کی لیکن جاپانی کھلاڑی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلا سٹ 6-1 سے جیت کر آرتھر ایش اسٹیڈیم میں موجود شائقین اور اینڈی دونوں کو حیران کردیا۔ میچ کے آخری اور سنسنی خیز سٹ میں نشیکوری اور اینڈی دونوں نے عمدہ کھیل پیش کیا ،
بالآخر نشیکوری نے فیصلہ کن سٹ 7-5 سے جیت کر سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنا لی۔ ادھر سوئٹزرلینڈ کے اسٹان واورنکا نے یوان مارٹن ڈیل پوٹرو کو 7-6، 4-6، 6-3، 6-2 سے زیر کر قطعی چار میں جگہ پائی ہے۔ خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر 1 سرینا ولیمز نے اپنے عمدہ کھیل کا سلسلہ برقرار رکھا۔ اگرچہ انھیں پانچویں سیڈ رومانیہ کی سمونا ہالپ کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا ہوا لیکن امریکی اسٹار نے 6-2، 4-6، 6-3 کی جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ حاصل کرلی۔ سرینا نے جو ریکارڈ ساتواں یو ایس اوپن ٹائٹل 23 واں گرانڈ سلام کراؤن جیتنے کوشاں ہے، گزشتہ شب کے مقابلے میں 18 ایسیس مارے۔ سرینا کو اب پہلی بار کی گرانڈ سلام سیمی فائنلسٹ کیرولینا پلیسکوا سے ہفتہ کو چمپئن شپ میچ کیلئے کھیلنا ہے، جس نے اُن کی بڑی بہن وینس کو چوتھے راؤنڈ میں میچ پوائنٹ بچا کر ہرایا تھا۔ 18 سالہ پلیسکوا نے اپنی ہم عمر کروشیائی اینا کونجو کے خلاف 6-2، 6-2 کی کوارٹر فائنل کامیابی درج کرائی۔ گرانڈ سلام کامیابی کے تجربے کی کمی کے باوجود پلیسکوا تاحال اپنا سب سے بڑا ٹائٹل سنسناٹی کے ہارڈ کورٹس پر جیتنے کے بعد کافی اعتماد سے کھیل رہی ہے۔ انھوں نے فائنل میں انجلیک کربر کو شکست دے کر جرمن عالمی نمبر 2 کی ورلڈ رینکنگ میں سرینا کو ٹاپ پوزیشن سے ہٹانے کی سعی ناکام بنا دی تھی۔ کربر جو منگل کو ہی 2015ء کی فائنلسٹ رابرٹا ونسی کے مقابل 7-5، 6-0 کی فتح کے ساتھ اپنا سیمی فائنل کیرولین ووزنیاکی کے خلاف طے کرچکی ہیں، وہ اب بھی سرینا کو اونچائی سے ہٹا سکتی ہیں۔ کربر میچ کے فیصلہ سے قطع نظر سرینا کو عالمی نمبر 1 کی برقراری کیلئے بہرحال سیمی فائنل جیتنا ہوگا۔