سوئس اسٹار کے علاوہ نڈال ، پلسکوا بھی آخری آٹھ کے مرحلے میں داخل
ملبورن ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن میں عالمی نمبر 1 کھلاڑیوں اینڈی مرے اور انجلیک کربر دونوں کیلئے گزشتہ روز تلخ یادوں والا ثابت ہوا جیسا کہ مینس اور ویمنس کے دونوں ٹاپ سیڈ چوتھے راؤنڈ میں ’اَپ سٹ‘ شکست کے ساتھ خارج ہوگئے جبکہ سابق عالمی نمبر ایک روجر فیڈرر نے سنگلز میں شاندار پیش رفت جاری رکھتے ہوئے کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل کرلی۔ سال کے پہلے گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں دوسرا بڑا اُلٹ پھیر نتیجہ تب دیکھنے کو ملا جب برطانیہ کے اینڈی جرمنی کے میشا زویرو کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ اس سے قبل ڈیفنڈنگ چمپئن اور عالمی نمبر 2 نواک جوکویچ بھی تیسرے راؤنڈ میں اپ سٹ شکست پر خارج ہو گئے تھے۔ ایسا گرانڈ سلام مقابلوں میں 13 سال بعد ہوا ہے کہ کوارٹر فائنل مقابلوں سے قبل ہی فرسٹ اور سکنڈ سیڈ کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ 2004ء میں فیڈرر اور لیٹن ہیوٹ فرنچ اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں باہر ہوگئے تھے اور پندرہ سال بعد آسٹریلین اوپن میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی باہر ہو گئے ہیں جبکہ 2002ء کے ایونٹ میں ہیوٹ اور گستاؤ کوئرٹن کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ویمنس ٹاپ سیڈ کربر کے اخراج کا معاملہ اس اعتبار سے مختلف رہا کہ انھیں اس حریف نے شکست دے دی جس نے یہاں گزشتہ سال کوئی میچ نہیں جیتا تھا۔ عالمی نمبر 1 بننے کے بعد کربر کیلئے یہ پہلا گرانڈ سلام رہا ، جہاں وہ 25 سالہ امریکی کوکو واندیویگھی کے مقابل 2-6، 3-6 سے ہار گئیں۔ سوئس اسٹار فیڈرر نے جاپان کے کائی نشیکوری کو چوتھے راؤنڈ سے اخراج کی راہ دکھائی۔ وہ 49 ویں کریئر کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے راڈ لیور اَرینا پر تین گھنٹے اور 24 منٹ کی مسابقت میں 6-7(4/7)، 6-4، 6-1، 4-6، 6-3 سے ہرایا۔ اس دوران دوشنبہ کو رفائل نڈال کو کچھ جدوجہد ہوئی مگر وہ بھی کوارٹرز میں داخل ہوگئے۔ وہ میلوس راؤنک سے کھیلیں گے۔ ویمنس سیکشن میں سرینا ولیمز نے پیش کی اور انھیں اب سیمی فائنل پوزیشن کیلئے برطانوی یوہانا کونتا سے کھیلنا ہے۔