اینڈرسن کیخلاف بہترمظاہرہ ہندوستان کیلئے کلید : مائیک گرا

چینائی ۔ 27 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی اور اُن کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو بلندی پر پہونچنے کیلئے انگلش فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کی سوئنگ اور سیم بولنگ کیخلاف بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا اور اگر ہندوستانی بیٹسمینس اینڈرسن کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے تو انگلینڈ میں ہندوستان کے امکانات روشن ہوں گے ، ان خیالات کا اظہار آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین مائیک گرا نے کیا۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہارِخیال کرتے ہوئے مائیک گرا نے کہاکہ ہند ۔ انگلینڈ سیریز میں اینڈرسن بڑے کھلاڑی ثابت ہوں گے اور ہندوستانی بیٹسمینس انگلش وکٹوں پر اینڈرسن کا کس طرح سامنا کرپائیں گے یہ اہم ہوگا اور اگر ہندوستانی بیٹسمینس اینڈرسن کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو پھر مہمان ٹیم کیلئے سیریز میں امکانات روشن ہوں گے ۔ آسٹریلیائی لیجنڈ بولر جو کہ اس وقت ایم آر ایف پیس فاؤنڈیشن کے کوچنگ ڈائرکٹر ہیں، انھوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں ہندوستانی بولروں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جبکہ بیٹنگ شعبہ اس کی اصل طاقت ہے ۔ مائیک گرا کے بموجب انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز دلچسپ ہوگی کیونکہ ہندوستان نے دورۂ انگلینڈ پر ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کا بہتر انداز میں آغاز کیا ہے ۔ ہندوستانی فاسٹ بولروں کی جوڑی جسپریت بمرہ اور بھونیشور کمار کے زخمی ہونے کے بعد مہمان ٹیم کا بولنگ شعبہ دلچسپ ہوگیا ہے ۔ ہندوستانی بولروں نے حالیہ عرصہ میں بہترین مظاہرہ کیا ہے جبکہ بولروں کا زخمی ہونا کرکٹ کا ایک حصہ ہے جس سے اب ہندوستان کے لئے سخت حالات ہوسکتے ہیں لیکن بیٹنگ شعبہ اس کی اصل طاقت ہے ۔ ہندوستان کے لئے اسپنرس کے مظاہرے بہترین رہے ہیں اور فاسٹ بولروں کی اہمیت کے باوجود انگلینڈ میں ہندوستانی اسپنرس کا رول بھی اہمیت کا حامل ہوگا ۔ انگلش وکٹوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ فاسٹ بولروں کیلئے معاون ہوتی ہیں لیکن ماضی میں شین وارن وہاں کامیاب رہے ہیں اور ایسی ہی اُمید ہندوستانی اسپنرس سے بھی کی جاسکتی ہے ۔ وارن نے آسٹریلیائی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا اور اب توجہہ ہندوستانی اسپنرس پر مرکوز ہوچکی ہے ۔ مائیک گرا کے بموجب اُمیش یادو ، محمد سمیع ، ایشانت شرما کے ساتھ فاسٹ بولنگ شعبہ طاقتور دکھائی دیتا ہے جبکہ اسپنرس میں اشون اور جڈیجہ کی تجربہ کار جوڑی کے ساتھ کلدیپ یادو کی شمولیت بھی دلچسپ ہوچکی ہے ۔