اینڈرسن کو ٹسٹ کے کامیاب فاسٹ بولر بننے کا موقع

لندن۔28اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)انگلش فاسٹ بولرجیمز اینڈرسن کو انگلینڈ کرکٹ تاریخ میں منفرد مقام حاصل ہے اور اب وہ 557 ٹسٹ وکٹ لے کر انگلینڈ کے نمبر ایک بولر ہیں تاہم انہیں بطورفاسٹ بولر گلین میک گرا کی سب سے زیادہ 563 وکٹوں کا عالمی ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف چھ شکار درکار ہیں۔ امکان ہے ہندوستان کے خلاف جمعرات کو شروع ہونے والے چوتھے ٹسٹ میں اپنا نام ریکارڈ بکس میں درج کرالیں گے۔ میک گرا زیادہ وکٹیں لینے والے بولرزکی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر 800 وکٹوں کے ساتھ سری لنکا کے مرلی دھرن، 708 وکٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے شین وارن اور تیسرے مقام پر 619 وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کے انیل کمبلے ہیں۔ 36 سالہ جیمز اینڈرسن سے متعلق گلین میک گرا نے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز باعث فخر ہے لیکن خوشی ہوگی کہ جیمز اینڈرسن سے ریکارڈ کوتوڑ دیں۔ وہ مجھ سے آگے نکل جانے کے بعد پیچھے مڑکر نہیں دیکھیں گے۔ وہ بہترین سوئنگ بولر ہیں،ان کا موازنہ عظیم پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم سے کیا جاسکتا ہے۔