اینڈرسن کا ریکارڈ ناقابل تسخیر ہوجائے گا:میک گرا

لندن۔10 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی سابق فاسٹ بولر گلین میگرا نے کہا ہے کہ جب انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ٹسٹ کرکٹ میں میرے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیں گے تو اس کے بعد کسی دوسرے فاسٹ بولر کیلئے اینڈرسن کے ریکارڈ تک پہنچنا بہت مشکل ہو گا۔ میگرا کو ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بطور فاسٹ بولرسب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 563 وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن اب ان کے اس ریکارڈ کو جیمز اینڈرسن نے ہدف بنا رکھاہے اور انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے کیلئے2 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ توقع ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف جاری پانچویں اور آخری ٹسٹ کی دوسری اننگز میں میگرا کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔میگرا نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹسٹ کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے پر مجھے فخر ہے لیکن جب اینڈرسن میرے ریکارڈ کو عبور کریں گے یہ بھی میرے لئے باعث فخر لمحہ ہو گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ اینڈرسن اس اعزاز کے حقدار بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینڈرسن دونوں طریقوں سے گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میرے خیال میں اس کے علاوہ صرف وسیم اکرم کو اس کی مہارت تھی۔ ہر بولر اس قابل نہیں ہوتا۔اینڈرسن کا ریکارڈ ناقابل تسخیر ہوجائے گا۔یادرہے کہ انگلینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن پر ہندوستان کے خلاف سیریز کے پانچویں میچ میں امپائر سے نامناسب رویے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کردیا گیا۔اوول میں رواں پانچویں اورآخری میچ کے دوسرے دن 29 ویں اوور کے کھیل کے دوران جیمز اینڈرسن نے کوہلی کے خلاف اپیل اور ریویو میں ناکامی پر غصہ دکھایا تھا۔