لندن۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کو آئی سی سی کی سماعت کے بعد قصوروار قرار نہیں دیا گیا لیکن انہوں نے ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ سے بدکلامی کا اعتراف کیا ہے۔ یہ واقعہ ناٹنگھم میں پہلے ٹسٹ کے دوران پیش آیا تھا۔ ای ایس پی این کرک اِنفو کی رپورٹ کے مطابق اینڈرسن نے لفظی جھڑپ کے دوران رویندر جڈیجہ کے دانت توڑ دینے کی دھمکی دی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت سنگین نوعیت اختیار کرگیا جب اسے آئی سی سی کے روبرو پیش کیا گیا اور اس نے جوڈیشیل کمشنر کا تقرر کیا تھا لیکن کمشنر نے دونوں کھلاڑیوں کو منسوبہ الزامات سے بری کردیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اینڈرسن نے جڈیجہ کے ساتھ مسلسل بدکلامی کا اعتراف کیا ہے، وہ انہیں ڈھکیل رہے تھے اور ان کا طرز عمل کرکٹ کے حقیقی جذبہ کے مغائر تھا۔ انہوں نے جڈیجہ کے دانت توڑ دینے کی بھی دھمکی دی تھی۔ بی سی سی آئی کے وکیل نے میچ ریفری ڈیوڈ بون کی جانب سے جڈیجہ کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل کے دوران یہ دلیل پیش کی۔ بی سی سی آئی کے وکیل نے کہا کہ یہ دو علیحدہ لیکن ایک دوسرے سے مربوط واقعات ہیں۔ جس معاملے میں اینڈرسن ملوث تھے، اس کی پیروی آئی سی سی کے وکیل کررہے تھے کیونکہ ان پر درجہ 3 کے الزامات وضع کئے گئے تھے۔ بی سی سی آئی کے وکیل کو اینڈرسن سے جرح کا بھی موقع نہیں دیا گیا، لیکن جڈیجہ کی اپیل میں جرح کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ یہ جرح کافی جارحانہ اور تیز تھی۔ رپورٹ میں واقعہ کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اینڈرسن مسلسل بدکلامی کررہے تھے۔ یہ واقعہ ٹرینٹ بریج ٹسٹ کے دوسرے دن اس وقت پیش آیا جب کھلاڑی لنچ کیلئے میدان سے جارہے تھے۔
اینڈرسن نے جڈیجہ کے خلاف کیچ کے لئے اپیل کی تھی، اس کے بعد انہیں جڈیجہ سے کچھ بات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ایمپائر بروز آگزین فورڈ کے بحیثیت گواہ بیان کے مطابق انہوں نے مداخلت کرتے ہوئے اینڈرسن کو مسلسل بدکلامی سے روک دیا۔ اینڈرسن نے مبینہ طور پر ان کی بات بھی نہیں سنی اور ان کا طرز عمل گیم کے جذبہ کے مغائر تھا۔ انہوں نے کہا کہ اینڈرسن نے ایم ایس دھونی کی بات پر بھی توجہ نہیں دی اور دوبارہ جڈیجہ سے اُلجھ گئے۔ انہوں نے جڈیجہ سے کہا کہ ڈریسنگ روم میں پہنچنے پر دیکھ لوں گا ، یہاں تک کہ انہوں نے جڈیجہ کے دانت توڑ دینے کی بھی دھمکی دی۔ جب گواہ سے یہ پوچھا گیا کہ کیا اینڈرسن کا طرز عمل کرکٹ کے جذبہ کے مغائر تھا ، تو انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔