ایندھن کی قیمت میں اضافہ کے خلاف عوامی برہمی مسترد

قاہرہ۔ 6؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ وزیراعظم مصر ابراہیم مہلاب نے ایندھن کی قیمت میں 78 فیصد اضافہ پر عوامی برہمی کو مسترد کرتے ہوئے ابنائے وطن سے اپیل کی کہ وہ قومی بجٹ کے خسارہ میں اضافہ سے نمٹنے کے لئے کئے ہوئے اس فیصلہ کو قبول کرلیں۔ ٹی وی چینل ’المحور‘ کے 90 منٹ طویل پروگرام کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے مہلاب نے کہا کہ اس سے قیمتوں میں بے شک اضافہ ہوگا، لیکن مصر کو اسے برداشت کرنا ہوگا، خاص طور پر اس لئے کہ قرض کا بوجھ بہت زیادہ ہوگیا ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ 240 ارب مصری پونڈ (33.5 ارب امریکی ڈالر) کے خسارے پر قابو پانے کی ایک کوشش ہے جس سے نومنتخبہ صدر عبدالفتاح السیسی پر زبردست ضرب پڑسکتی ہے۔

مسافروں نے شاہراہوں کی ناکہ بندی کردی اور اعلان کے فوری بعد ان کے ساتھ سرکاری ٹرانسپورٹ ڈرائیور بھی شامل ہوگئے۔ کئی کارکن اس فیصلہ پر ناراض ہیں اور کئی کارٹون، تصویریں اور مجسمے سوشیل میڈیا کی سائیٹس پر اس فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے شائع کئے گئے ہیں۔ حکومت مصر نے ایندھن کی قیمتوں میں جمعہ کی آدھی رات سے 78 فیصد اضافہ کردیا ہے تاکہ سبسیڈی کے نظام پر قابو پایا جاسکے۔ ایندھن کی قیمتوں میں نیا اضافہ 0.40 مصری پونڈ (0.06 امریکی ڈالر) سے 0.75 مصری پونڈ فی لیٹر تک ہے۔ 92 آکٹین پٹرول کی قیمت جو 1.85 مصری پونڈ فی لیٹر تھی، اب اضافہ ہوکر 2.6 مصری پونڈ فی لیٹر ہوگئی ہے اور 80 آکٹین والا پٹرول جو 0.9 مصری پونڈ فی لیٹر تھا، اب 1.6 مصری پونڈ فی لیٹر ہوگیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور وہ 1.1 مصری پونڈ سے 1.8 مصری پونڈ فی لیٹر ہوگئی ہے۔

یوم 7 ویب سائیٹ پر شائع شدہ خبر کے بموجب گورنر قاہرہ جلال مصطفی السعید نے کل 15 تا 20 فیصد اضافہ کی منظوری دی ہے جو قاہرہ کے سرکاری ٹرانسپورٹ چارجس میں کیا جائے گا۔ سرکاری زیر انتظام خبر رساں ادارہ ’مینا‘ کے بموجب نئی فیس پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ گورنر نے کہا کہ قاہرہ کی ٹیکسیوں کے کرایہ میں اضافہ کیا جائے گا اور ابتدائی چارجس کے طور پر 2.5 مصری پونڈ کی بجائے 3 مصری پونڈ اور ہر کیلو میٹر کی فیس 1.25 مصری پونڈ کی بجائے 1.40 مصری پونڈ وصول کی جائے گی۔ ماہِ رمضان کے پہلے جمعہ کو صدر مصر عبدالفتاح السیسی نے ٹی وی پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ کام یا اسکول جاتے وقت موٹر سائیکلیں استعمال کریں تاکہ توانائی اور پیسہ دونوں بچائے جاسکیں۔ انھیں ایک موٹر سائیکل پر سوار 100 دیگر موٹر سائیکل سواروں کے ساتھ جاتے ہوئے سوشیل میڈیا کی سائیٹس پر شائع کیا گیا ہے۔