ایم کے نارائنن نے دفتر کا تخلیہ کردیا، چینائی روانہ

کولکتہ ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائنن نے آج اپنے دفتر کا تخلیہ کردیا اور اپنی اہلیہ پدمنی کے ساتھ چینائی روانہ ہوگئے۔ کولکتہ پولیس کے ماؤنٹیڈ پولیس ڈیویژن نے نارائنن کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ راج بھون کے باہر عوام کا ہجوم تھا اور دوسری طرف راج بھون کے اسٹاف نے آبدیدہ ہوکر گورنر کو رخصت کیا جو اس وقت وہاں سب سے بات کرنے کیلئے آئے تھے۔ نارائنن کو 24 جنوری 2010ء مغربی بنگال کے گورنر کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے کل نارائنن کا استعفیٰ منظور کرلیا جس کے بعد گورنر بہار ڈی وائی پاٹل کو ہدایت کی گئی کہ وہ مغربی بنگال کے گورنر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری بھا سنبھالیں۔

نارائنن یو پی اے دورحکومت میں مقرر کئے گئے ایسے چوتھے گورنر ہیں جنہوں نے این ڈی اے کے برسراقتدار آنے کے بعد اپنے عہدہ سے سبکدوشی اختیار کرلی جیسا کہ این ڈی اے حکومت نے بعض گورنرس کو ہدایت کی تھی کہ وہ عہدے سے دستبردار ہوجائیں۔ سی بی آئی نے وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت میں نارائنن سے بطور ’’گواہ‘‘ پوچھ گچھ بھی کی تھی۔ ایم کے نارائنن کے علاوہ گورنر ناگالینڈ اشونی کمار، گورنر اترپردیش بی ایل جوشی اور گورنر چھتیس گڑھ شیکھردت نے مرکز میں این ڈی اے کی نئی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد اپنے استعفے پیش کردیئے۔