چینائی۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وائیکو زیرقیادت ایم ڈی ایم کے نے مرکز کی این ڈی اے حکومت سے ترک تعلق کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ٹاملناڈو میں ایم ڈی ایم کے، این ڈی اے حکومت کی حلیف ہے، اس نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ٹاملوں کے مفادات کے خلاف کام کررہی ہے اور اس نے ریاستی عوام سے غداری کی ہے۔ ایم ڈی ایم کے کے ضلعی معتمدین کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی کہ این ڈی اے سے ترک تعلق کیا جائے۔ یہ اتحاد لوک سبھا انتخابات سے قبل ہوا تھا۔ یہ قرارداد پارٹی کے سربراہ وائیکو نے منظوری کے لئے پیش کی جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایم ڈی ایم کے، بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت میں مزید برقرار نہیں رہ سکتی کیونکہ بھگوا پارٹی کی حکومت ٹاملناڈو سے متعلق کئی مسائل پر بشمول ملا پیریار ڈیم مسئلہ کے بارے میں بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ضلعی معتمدین کے اجلاس میں پارٹی کے اعلیٰ سطحی شعبہ نے حکومت ہند پر زور دیا کہ حکومت سری لنکا کی تائید نہ کی جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی، ٹاملوں کے مفادات کی مخالف ہے۔ مودی چاہتے ہیں کہ مہندا راجہ پکسا وہاں کے انتخابات میں دوبارہ کامیابی حاصل کریں۔