حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( دکن نیوز ) : مسلم نوجوانوں اور خواتین کو ہنر مند بنانے کے پروگرام کے تحت ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے ووکیشنل سمر کیمپ دونوں شہروں کے 45 مراکز میں چلایا جارہا ہے ۔ اس سمر کیمپ میں تقریبا 1500 امیدواروں کے لیے کمپیوٹر کورس ، اسپوکن انگلش ، فزیوتھراپی ، ویڈیو گرافی ، مہندی ڈیزائننگ ، ٹیلرنگ ، موتی کاروننگ ، بیوٹیشن اور دیگر فنی پیشوں کی تربیت کا اہتمام ہے ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ ’ سیکھو اور کماؤ ‘ کی بنیاد پر اس کیمپ میں ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ گذشتہ 11 برس سے گرمائی تعطیلات میں سمر کیمپ منعقد کیا جارہا ہے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی زیر قیادت خصوصی معائنہ ٹیم 14 مئی سے مختلف مراکز کا دورہ کرے گی اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لے گی ۔ اس ٹیم میں ایم ڈی ایف کے عہدیداران ایم اے قدیر ، محترمہ خدیجہ سلطانہ ، محمد برکت علی ، محمد فرید الدین ، ڈاکٹر ایس اے مجید ، میر انور الدین ، محمد نصر اللہ خاں ، محمد خواجہ معین الدین ، احمد صدیقی مکیش شامل رہیں گے ۔ محمد برکت علی اور محمد فرید الدین کوآرڈینٹرس نے بتایا کہ اس مرتبہ سمر کیمپ دو بیاچس پر مشتمل ہے ۔ اس کیمپ کا اختتام 10 جون کو عمل میں آئے گا ۔ اس کے بعد ایک خصوصی جلسہ میں ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے ہر مرکز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں مومنٹو دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ امیدواروں کو اسنادات دئیے جائیں گے ۔ بہترین فنی مظاہرہ کیلئے کمیٹی کی سفارش پر تربیت یافتگان کو خصوصی انعامات بھی دئیے جائیں گے ۔ جناب زاہد علی خاں سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف و ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں مومنٹوز اور انعامات عطا کئے جائیں گے ۔ تمام مراکز کے ذمہ داروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ زیر تربیت امیدواروں کی فہرست حاضری رجسٹر اور انسٹرکٹرس کی تفصیلات ، معائنہ کمیٹی کو پیش کریں ۔۔