ایم ڈی ایف کے آرگنائزنگ صدر جناب محمد عبدالقدیر کا انتقال

حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ سماجی خدمت گذار اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے آرگنائزنگ صدر جناب محمد عبدالقدیر کا آج سہ پہر نامپلی میں واقع ایک خانگی ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا ۔ وہ 66 برس کے تھے ۔ جناب ایم اے قدیر آج صبح ایک سڑک حادثہ کے باعث شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔ جنہیں فوری کیر ہاسپٹل ( نامپلی ) میں شریک کروایا گیا ۔ جناب محمد عبداللطیف کے فرزند ایم اے قدیر گذشتہ سات برس سے مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم سے وابستہ رہے اور اپنی بے لوث خدمات کے ذریعہ کافی مقبولیت حاصل کرلی تھی ۔ دوبہ دو ملاقات پروگرام کے سلسلہ میں انہوں نے ہمیشہ غیر معمولی تنظیمی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ۔ قبل ازیں وہ سب رجسٹرار حکومت آندھرا پردیش کے عہدہ پر فائز رہے ۔ ایم ڈی ایف کے علاوہ وہ مینارٹیز ایمپلائز کوآرڈینیشن اسوسی ایشن ( میکا ) کے صدر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیتے رہے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکیاں اور دو لڑکے مسرس محمد عبداللطیف اور محمد عبدالرشید ہیں ۔ ان کے سڑک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست ، جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ، عہدیداران و اراکین ایم ڈی ایف اور سیاست کے اسٹاف نے دواخانہ پہنچ کر ان کی عیادت کی ۔ ایم ڈی ایف اور سیاست کی جانب سے کل اتوار کو ہونے والے 80 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کو ان کی یاد میں بطور خراج عقیدت منعقد کیا جارہا ہے ۔ دوبدو ملاقات پروگرام کے آرگنائزر لالہ گوڑ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے عہدیداران اور ارکان نے بھی جناب ایم اے قدیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ نماز جنازہ کل بعد نماز عصر مسجد چوک میں ادا کی جائے گی اور تدفین قبرستان افضل گنج عقب پولیس اسٹیشن میں عمل میں آئیگی ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9391118152 پر ربط کریں ۔۔