حیدرآباد ۔ /15 جون (سیاست نیوز) خود کو ماؤسٹ ظاہر کرتے ہوئے تلگودیشم رکن پارلیمنٹ ملکاجگری مسٹر ملاریڈی سے 20 کروڑ تاوان کا مطالبہ اور دھمکی آمیز فون کرنے والے ایک پینٹر کو بوئن پلی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ دیویندر ساکن الوال جو پیشہ سے پینٹر ہے حال ہی میں حلقہ پارلیمنٹ ملکاجگری کو منتقل ہونے والے مسٹر ملا ریڈی کو فون پر خود کو ماؤسٹ ظاہر کرتے ہوئے 20 کروڑ کا مطالبہ کیا اور رقم کی عدم ادائیگی پر ان کے کالجس دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی تھی ۔ رکن پارلیمنٹ مسٹر ملا ریڈی نے بوئن پلی پولیس سے اس سلسلے میں شکایت درج کروائی تھی جس پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا ۔ سب انسپکٹر بوئن پلی مسٹر این سریش نے بتایا کہ دیویندر نے علاقہ پیٹ بشیرآباد ، ڈونڈیگل ، جیڈی میٹلہ اور میڑچل سے پبلک ٹیلیفون (کوائن باکس) کے ذریعہ رکن پارلیمنٹ کو فون کئے تھے اور بعد ازاں اپنے موبائیل سے بھی دھمکی آمیز فون کیا تھا ۔ پولیس نے اس کے موبائیل نمبر کے ذریعہ اسے گرفتار کرلیا اور اس کی تفتیش کی جس میں اس نے یہ انکشاف کیا کہ وہ تنگ دستی کا شکار تھا اور مسٹر ملا ریڈی جو رکن پارلیمنٹ ہونے کے علاوہ ملا ریڈی گروپس اور کالجس کے چیرمین بھی ہے سے دھمکی کے ذریعہ رقم حاصل کی جاسکتی ہے ۔ پولیس نے دیویندر کو عدالت میں پیش کردیا ۔