بھوپال ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کلیدی ترجمان کے کے مشرا کو ہتک عزت کے ایک معاملہ میں ضمانت دینا منظور کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور ان کے ارکان خاندان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ایم پی پی ای بی (MPPEB) اسکام میں ملوث ہیں۔ یاد رہیکہ گذشتہ ماہ مشرا نے چوہان اور ان کی اہلیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مدھیہ پردیش پروفیشنل بورڈ اگزامنیشن (MPPEB) اسکام میں مبینہ طور پر ملوث ہیں جس کے بعد مسٹر چوہان کی نمائندگی کرتے ہوئے 26 جون کو پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (ADJ) منوج سریواستو نے مشرا کی ضمانت منظور کرلی جو عدالت میں موجود تھے۔ انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ 25000 روپئے کا شخصی مچلکہ داخل کریں جبکہ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 8 اگست مقرر کی گئی ہے۔ مشرا نے الزام عائد کیا تھا کہ مہاراشٹرا کا گونڈیا مستقر جو چوہان کی اہلیہ کا آبائی مقام ہے، سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ میں بحیثیت کانسٹیبل منتخب کیا گیا تھا۔ البتہ مشرا نے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کیلئے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا۔