ایم پی بن کر زیادہ خدمت کروں گا : بلاول بھٹو

اسلام آباد ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر بلاول بھٹو زرداری جن کے ٹوئٹر پر تبصروں نے طوفان مچا رکھا ہے ، انھوں نے آج اپنے حریفوں کو متنبہ کیا کہ ایک بار وہ پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوجائیں تو زیادہ سے زیادہ خدمت کریں گے ۔ بھٹو فیملی کے سپوت نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’اگر میرے تبصرے آپ کو خوفزدہ کرتے ہیں تو کچھ انتظار کیجئے کہ میں پارلیمنٹ سے کیا کرسکتا ہوں‘‘۔ وہ ستمبر میں 25 ویں سالگرہ کے ساتھ ہی پارلیمانی چناؤ لڑنے کیلئے اہل ہوچکے ہیں۔ بلاول کی کل سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی صحت کے مسائل کے سبب عدالتی سماعت سے غیرحاضری کے بارے میں ٹوئٹ نے اس مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر لفظی جنگ چھیڑ دی ہے۔

انھوں نے ایک آزاد میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا مطالبہ کیا تاکہ مشرف کے قلبی عارضہ کی تصدیق کی جاسکے ، جبکہ سابق فوجی سربراہ کو ملٹری ہاسپٹل میں شریک کرائے چند گھنٹے گذرے تھے ۔ مشرف کے ترجمان نے بلاول کے ریمارکس کے جواب میں ٹوئٹ میں کہا : ’’تم جنرل مشرف کے خلاف اس قدر لعن طعن کی کس طرح جرأت کرسکتے ہو۔ مت بھولو کے تمہارے والد کو عہدہ صدارت پر فائز رہنے کے دوران ذریعہ طیارہ دوبئی منتقل کیا گیا تھا ‘‘۔ اس کے جواب میں بلاول نے آج پارلیمنٹ کیلئے اپنے منتخبہ انتخاب کے بعد اپنے ارادوں کے تعلق سے ٹوئٹ کیا۔