ایم پیز کیلئے ’’کام نہیں ، تنخواہ نہیں ‘‘ :سادھوی نرنجن

احمدآباد ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سادھوی نرنجن نے پارلیمنٹ کی کارروائی نہ چلنے کی صورت میں ارکان پارلیمنٹ کیلئے ’’کام نہیں ، تنخواہ نہیں ‘‘ پالیسی اختیار کرنے اپنے ساتھی مہیش شرما کی تجویز سے اتفاق کیا۔ پارلیمنٹ میں جاری تعطل کے پیش نظر اس تجویز کے بارے میں پوچھا گیا تو منسٹر آف اسٹیٹ فوڈ پراسسنگ نے اس کی مکمل تائید کی ۔ انھوں نے کہاکہ اگر پارلیمنٹ کی کارروائی نہ چلے تو ارکان کی تنخواہ میں کٹوتی ہونی چاہئے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ کلچر اینڈ ٹورازم مہیش شرما نے یکم اگست کو وارناسی میں کہا تھا کہ دیگر عہدیداروں کی طرح ارکان پارلیمنٹ کیلئے بھی ’’کام نہیں ، تنخواہ نہیں ‘‘ پالیسی اختیار کی جانی چاہئے ۔