ایم سی اے سے شاہ رخ خان کا پابندی ہٹانے پر اظہار تشکر

ممبئی ، 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس نے اپنی ’’فراخدلی‘‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے زائد از تین سالہ امتناع کو برخاست کردیا جس نے انھیں وانکھیڈے اسٹیڈیم داخلے سے روک دیا تھا۔ 49 سالہ شاہ رخ نے اپنے اظہار تشکر کیلئے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا: ’’میرے شفیق خسر نے مجھے یہ سمجھایا کہ کون صحیح ہے یا کون غلط اس سے بہت کم فرق پڑتا ہے۔ خیرسگالی اصل چیز ہوتی ہے۔ ایم سی اے کا شکریہ کا آپ لوگوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘ کے کے آر فرنچائز کے شریک مالک کو 16 مئی 2010ء کو ممبئی انڈینس کے خلاف ٹیم کی کامیابی پر ایم سی اے حکام اور سکیورٹی اسٹاف کے ساتھ جھگڑنے پر ایم سی اے احاطے میں داخلے سے پانچ سال کیلئے منع کیا گیا تھا۔