نئی دہلی ۔9 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ماسٹرس چمپیئنس لیگ ( ایم سی ایل ) جوکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر اور آسٹریلیا کے افسانوی اسپنر شین وارن کی جانب سے پیش کی جانے والی لیگ سے کوئی تقابل نہیں کررہی ہے ، ان خیالات کا اظہار ایم سی ایل کی تشہیری ذمہ داری پوری کررہے آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کھلاڑی ڈین جونس نے کیا ۔ جونس جن کی کمپنی میجر ایونٹس گروپ جو ماسٹر چمپینس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کی تشہیری ذمہ داری نبھارہی ہے اور اس میں بین الاقوامی سطح پر شاندار مظاہروں کے بعد کرکٹ سے کنارہ کش ہوچکے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے ، تاہم جونس نے کہا ہے کہ ایم سی ایل متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی اور اس کا سچن ۔ وارن لیگ سے کوئی تقابل نہیں کیوں کہ یہ اپنے مقام پر علحدہ سے منعقد کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ سچن ۔ وارن نے ماضی کے عظیم تاہم سبکدوش کھلاڑیوں کے ہمراہ آئندہ تقریباً 4 برسوں کیلئے امریکہ میں ٹوئنٹی 20 طرز کی لیگ کرانے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایم سی ایل آئندہ برس متحدہ عرب امارات کے تین مقامات دوبئی ، ابوظہبی اور شارجہ میں آئندہ 10 برس کیلئے کھیلی جارہی ہے ۔