رانچی ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی ترجمان ایم جے اکبر نے آج جھارکھنڈ سے راجیہ سبھا ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنے قریبی حریف جے ایم ایم کے حاجی حسین انصاری کو 19 ووٹوں سے شکست دی۔ 80 رائے دہندوں کے منجملہ 78 نے اپنے حق ووٹ کا استعمال کیا۔ ایک ووٹ غیرکارکرد ثابت ہوا۔ اس کے بعد 77 ووٹ ہی باقی رہ گئے۔ ریٹرننگ آفیسر سوشیل کمار سنگھ نے کہا کہ ایم جے اکبر کو 48 ووٹ ملے اور انہیں کامیاب قرار دیا گیا جبکہ حاجی حسین انصاری کو 29 ووٹ ملے۔ 82 رکنی ایوان میں ایک نشست خالی ہے اور نامزد کردہ رکن اسمبلی کو ووٹ دینے کا حق نہیں ہے۔ دو ارکان اسمبلی انوشاایکا جھارکھنڈ پارٹی اور نوجیون سنگھرش مورچہ کے رکن اسمبلی بھانو پرتاب سنگھ نے اپنا ووٹ نہیں ڈالا۔