ایم جی بی ایس پر کوکین فروخت کرنے والی خاتون گرفتار

حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کے اکسائز انفورسمنٹ شعبہ نے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پر ایک خاتون کو کوکین فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر محکمہ آبکاری مسٹر ویویکانندا ریڈی نے بتایا کہ 35 سالہ انامیکا بنگلور میں مقیم افریقی خاتون سے کوکین حاصل کرتے ہوئے اُسے شہر میں خواہشمند گاہکوں کو فروخت کیا کرتی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدہ خاتون گزشتہ چند دنوں سے آسانی سے روپے کمانے کے لئے یہ کاروبار کررہی تھی۔ آج کوکین کی اسمگلنگ کی اطلاع پر اکسائز انفورسمنٹ نے خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے 105 گرام کوکین برآمد کرلی۔ گزشتہ دس دنوں میں انامیکا دوسری خاتون ہے جسے ڈرگس اسمگلنگ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جاریہ ماہ ٹاسک فورس نے نائجیریائی شہری پیٹر کو سوماجی گوڑہ علاقہ سے گرفتار کرتے ہوئے ڈرگس برآمد کیا تھا۔