تین رکنی بین ریاستی ٹولی گرفتار ، کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /6 جولائی (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے تین رکنی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا جو عوام کو ایم بی بی ایس سیٹس اور جائیدادوں کو رہن پر قرض دلانے کے بہانے لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دھوکہ باز ٹولی کا سرغنہ 63 سالہ ستیش پلایاڈ جس کا تعلق کیرالا سے ہے اپنے دو ساتھیوں ایس رام نواس اور ایس ہری نواس کی مدد سے عوام کو دھوکہ دیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ستیش کا تعلق ضلع کننانور کیرالا سے ہے اور وہ شہر منتقل ہوکر کارپوریٹ دفاتر کی طرز پر اپنے آفیسیس قائم کیا کرتا تھا ۔ اس نے علاقہ نارائن گوڑہ میں اوبران انٹرنیشنل رئیل اسٹیٹ ، پرائم ٹیک سولیوشنس اور میلسا انٹرنیشنل رئیل اسٹیٹ آف فینانس کے نام پر ادارے قائم کرتے ہوئے کئی عوام کو دھوکہ دیا تھا ۔ ستیشن پلایاڈ نے پہلے چینائی میں یونیورسل ایکسیس انڈیا کے نام پر ایک ادارہ قائم کیا اور اس ادارے کے ذریعہ کئی تاجرین کو بذریعہ فون رابطہ قائم کرتے ہوئے ان کی جائیداد رہن رکھنے پر آسانی سے قرض دینے کا جھانسہ دیا ۔ گرفتار دھوکہ باز سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوام کو راغب کیا کرتا تھا اور کم دام میں قرض دلانے کے بہانے کئی رقومات حاصل کرلئے ۔ اتنا ہی نہیں کمیشن پر ایم بی بی ایس میں داخلے دینے کا بھی وعدہ کرتے ہوئے پراسیسنگ فیس کے نام پر لاکھوں روپئے ہڑپ لئے تھے ۔ مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم نے شہر حیدرآباد اور چینائی میں 100 سے زیادہ افراد کو دھوکہ دیا ہے اور اس نے تین کروڑ کی رقم ہڑپ لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔