ایم این ایس مہاراشٹرا میں تنہا انتخابات لڑے گی

ممبئی ۔ 15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) اسمبلی انتخابات میں کسی بھی پارٹی کے ساتھ مفاہمت نہ کرتے ہوئے تنہا الیکشن لڑے گی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر بالا نند گاؤنکر نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں ریاست مہاراشٹرا کی صحیح معنوں میں ترقی کی خواہاں ہیں تو انہیں کسی دیگر سیاسی پارٹی سے مفاہمت کئے بغیر آزادانہ طور پر انتخابات میں حصہ لینا چاہئے لیکن کیا ان پارٹیوں میں ایسا کرنے کی جرأت ہے؟ دوسری پارٹیوں کے بارے میں تو کچھ نہیں کہوں گا لیکن ایم این ایس کے بارے میں ضرور کہوں گا کہ وہ اس کے انتخابات لڑے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ مہاراشٹرا میں آج جو سیاسی منظرنامہ ہے اس کے تحت بالانند گاؤنکر کا بیان اہمیت کا حامل ہے۔ ایم این ایس نے حال ہی میں ناسک میں میئر کے انتخابات میں کانگریس اور این سی پی کا تعاون حاصل کیا تھا کیونکہ ناسک میونسپل کارپوریشن میں ایم این ایس کی حلیف جماعت بی جے پی نے پارٹی سے روابط منقطع کردیئے تھے۔ مسٹر نندگاؤنکر نے مزید کہا 15 اکٹوبر کو منعقد شدنی انتخابات کیلئے کل سے انتخابات لڑنے کے عزائم رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز لئے جائیں گے۔ دریں اثناء راج ٹھاکرے جو اورنگ آباد کے دو روزہ دورہ پر ہیں، نے اپنے پارٹی ورکرس سے تبادلہ خیال کیا اور مراٹھواڑہ خطہ میں 46 حلقہ رائے دہی کے لئے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کا انٹرویو لیں گے۔ مسٹر نندگاؤنکر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم دھولے، جلگاؤں اور نندوربار سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بھی طلب کرکے ان کے انٹرویو لیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ ریاست مہاراشٹرا کو حقیقی معنوں میں ترقی اس وقت دی جاسکتی ہے جب تمام سیاسی پارٹیاں بغیر کسی سیاسی مفاہمت کے انتخابات خود اپنے بل بوتے پر لڑیں۔