ایم ایل سی انتخابی نتائج، ٹی آر ایس کے منہ پر طمانچہ

مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف کانگریس کمر بستہ : کے وینکٹ ریڈی

نلگنڈہ۔/27مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قانون ساز کونسل گریجویٹ زمرے کے انتخابات کے نتائج ٹی آر ایس کے منہ پر طمانچہ ہے، مرکزی حکومت کی کسان دشمن اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کانگریس پارٹی کمربستہ ہے ۔ لوک سبھا بھونگیر میں تلنگانہ جنا سمیتی صدر سے کانگریس امیدوار کی ملاقات اور تائید حاصل کرنے میں کامیابی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس امیدوار کے وینکٹ ریڈی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نام پر عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ کسانوں کو یوریا کی قیمتوں میں اضافہ سے زائد مالی بوجھ عائد کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوں تو ریاست میں مزید فلاحی و ترقیاتی پروگراموں کو روشناس کروایا جائے گا۔ ریاست کے بجٹ میں اضافہ بھی کیا جائے گ۔ اس موقع پر مسٹر کودنڈا رام ریڈی نے کہا کہ ٹی جے ایس کے امیدوار جن حلقوں میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں وہاں پر کانگریس امیدواروں کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں تبدیلی سے ہی تلنگانہ میں بھی تبدیلی آئے گی۔ دہلی میں کونسی حکومت قائم ہونے سے تلنگانہ کو فائدہ حاصل ہوگا۔ عوام خود فیصلہ کرلیں ۔ کاشتکاروں اور ترقیاتی کاموں کیلئے کانگریس پارٹی نے واضح موقف کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔