ایم ایل سی انتخابات ‘ چیف منسٹر کے رویہ پر تنقید

حیدرآباد 30 مئی ( سیاست نیوز ) قائد تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی مسٹر ای دیاکر راؤ نے ایم ایل سی انتخاب کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے رویہ کو حذف ملامت بنایا اور اگر ان میں واقعی ہمت ہو تو اسمبلی کو تحلیل کرنے کا چیلنج کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کو بالخصوص چندر شیکھر راؤ کو اپنے ارکان اسمبلی کے ووٹ حاصل ہونے کی امید دکھائی نہیں دے رہی ہے انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ تلنگانہ کے دغا بازوں و دھوکہ بازوں کو اہمیت دے رہے ہیں اور حقیقی طور پر تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اس طرز عمل کی وجہ سے ٹی آر ایس میں مخالفت کی جارہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے ایم ایل سی انتخابات میں حصہ لینے والے پانچ امیدواروں کے منجملہ کوئی ایک امیدوار بھی حصول علحدہ ریاست تلنگانہ کے لیے کی گئی جدوجہد میں حصہ نہیں لیا ۔ لہذا مسٹر دیاکر راؤ نے تمام ارکان اسمبلی تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے خواہش کی کہ وہ تمام متحدہ طور پر پانچ امیدواران ایم ایل سی کے تعلق سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے دریافت کریں اور انہیں اس مخالفت کا احساس دلائیں ۔