بھینسہ۔/24 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ منڈل میں اساتذہ تنظیم پی آر ٹی یو کی جانب سے تلنگانہ قانون ساز کونسل (MLC) انتخابات میں اسکول اسسٹنٹ ٹیچرس کے بطور ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کیلئے درخواست فارم 19 کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے شعور بیداری مہم چلائی گئی۔ ان خیالات کا اظہار پی آر ٹی یو ریاستی نائب صدر سید انصار نے شہر کے ہائی اسکولس میں اسکول اسسٹنٹ ٹیچرس کو فارم تقسیم کرنے کے دوران کیا۔ سید انصار نے مزید کہا کہ 2019 میں ماہ مارچ میں منعقدہ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر کم از کم گزشتہ تین سالوں سے ہائی اسکول سطح پر خدمات انجام دینے والے تمام مضامین اور میڈیم کے اسکول اسسٹنٹ ٹیچرس کے ناموں کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں اساتذہ تنظیم پی آر ٹی یو کی جانب سے شعور بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے اور ایم ایل سی انتخابات کے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات کے ووٹر لسٹ میں 2015 میں ڈگری کامیاب امیدوار بھی اپنے ناموں کا اندراج کروانے کیلئے اہل ہیں۔