بنگلور ۔ 18 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) اکثر ایسا ہوتا ہے کہ عوامی نمائندوں (ایم پیز، ایم ایل ایز اور کارپوریٹرس) جب کبھی بیرونی ملکوں کا دورہ کرتے ہیں تو انہیں عوام کی تنقید کا نشانہ بننا پڑتا ہے لیکن اب کرناٹک کے ایم ایل ایز کو مختلف موضوعات کی بنیاد پر ایک ٹیم کی شکل میں بیرونی ممالک کے دوروں پر روانہ کیا جائے گا ناکہ کمیٹی کی حیثیت سے ۔ اسمبلی اسپیکر کو گوڈو تھمپا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی 30 تا 40 ٹیمیں تیار کی جائیں گی جو کسی نہ کسی موضوع یا مسئلہ سے مربوط بنیادوں پر بیرون ممالک کا دورہ کریں گی ۔ یہ فیصلہ اسمبلی سکریٹری اوم پرکاش کی قیادت والی ایک کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا ہے جس کی تشکیل کا مقصد یہ تھا کہ بیرونی ممالک کے دوروں کیلئے رہنمایانہ خطوط وضع کئے جاسکیں کیونکہ قبل از یں ایم ایل ایز کے بیرونی دوروں کو زبردست عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔