عوامی نمائندوں کو اپنے وعدے پورے کرنے ہوں گے:یو پی کے وزیر
پرتاپ گڑھ۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر راجندر سنگھ عرف موتی سنگھ نے اپنی پارٹی بی جے پی اور اپنا دل کے مقامی لیجسلیٹرس کو مبینہ طور پر نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ترقی کو یقینی نہ بنائیں تو ان کے چہروں پر کالک پوت دینا چاہئے۔ راجندر سنگھ نے گزشتہ روز کہا کہ وہ ایم ایل ایز جنہوں نے ترقی لانے کا وعدہ کیا ہے، انہیں 15 یوم کا وقت دینا چاہئے۔ بصورت دیگر عوام کو چاہئے کہ ان کے چہرے سیاہ کردیں۔ ’’میں نے سیاست کی شروعات منگرائورا سے کی ہے اور میں یہاں کے عوام کی خاطر وزارت گدی چھوڑ سکتا ہوں۔‘‘ وہ موضع رام پور میں ایک اجتماع سے مخاطب تھے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ 15 روز قبل ایم ایل ایز دھیرج اوجھا (بی جے پی)، سنگم لال (اپنا دل ۔ایس) اور آر کے ورما (بی جے پی) یہاں آئے تھے اور وعدہ کیا تھا کہ 15 یوم میں ترقی کو یقینی بنائیں گے۔