دوبئی۔10اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک 62 سالہ ہندوستانی جو ایمریٹس کے اُس طیارے میں سوار تھا جس نے یہاں ہنگامی لینڈنگ کی ، شاید اس وقت خوش قسمت ترین شخص بن گیا ہے کیونکہ اُس نے اس حادثہ میں کرشماتی طورپر بچنے کے محض 6 روز بعد لاٹری میں ایک ملین ڈالر کی رقم جیت لی ہے ۔ کیرالا کے متوطن محمد بشیر عبدالقادر جو 37 سال سے دوبئی میں برسرکار ہیں ،فلائیٹ EK-521 میں سوار 300 افراد میں شامل تھے ، یہ فلائیٹ گزشتہ چہارشنبہ کو دوبئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کے ساتھ ہی حادثہ سے دوچار ہوئی اور طیارے سے شعلے بھڑک اُٹھے ۔ تاہم کسی بھی مسافر یا رکن عملہ کو جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ہندوستانی تارکین وطن قادر تھرواننتاپورم میں رہتے ہیں۔ گزشتہ عیدالفطر کے موقع پر وہ چھٹیوں پر وطن آئے تھے اور آنے سے قبل لاٹری ٹکٹ خریدا تھا ۔ گلف نیوز کے مطابق انھیں ایک ملین ڈالر (3.67 ملین درہم ) کی رقم حاصل ہوگی ۔