ایمرجنسی ہندوستان کا تاریک ترین دور :مودی

نئی دہلی 25 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایمرجنسی کے دور کو ہندوستان کی تاریخ کا تاریک وقت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر تنقید کی کہ اس نے ہندوستانی جمہوریت کو کچل دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال قبل اقتدار کی ہوس میں قوم کو زنجیروں سے باندھ کر ملک کو جیل میں تبدیل کردیا گیا تھا ۔ ایمرجنسی کی 40 ویں سالانہ یاد پر مودی نے اس وقت کی اندرا گاندھی زیر قیادت کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ مودی نے کہا کہ ایک متحرک ‘ آزاد جمہوریت ترقی کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور جمہوری نظریات و اقدار کو مستحکم کرنے ہر ممکن اقدام کئے جانے چاہئیں۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر میں کہا کہ ہم ہندوستان کے تاریک ترین دور کے 40 سال پورے کر رہے ہیں۔ یہ ایمرجنسی کا وقت تھا جب اس وقت کی سیاسی قیادت نے ہماری جمہوریت کو کچل دیا تھا ۔ 25 جون 1975 کو ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی اور یہ 21 مارچ 1977 تک جاری رہی تھی ۔ نریندر مودی نے کہا کہ ایک متحریک اور آزاد جمہوریت ترقی کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے ۔ ہمیں جمہوری اقدار و اصولوں کو مستحکم کرنے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے یاد دہانی کروائی کہ اندرا گاندھی کی جانب سے معلنہ ایمرجنسی کی ملک کے لاکھوں عوام نے مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان لاکھوں افراد پر فخر ہے جنہوں نے ایمرجنسی کی مزاحمت کی تھی اور ان کی کوششوں سے ملک کے جمہوری دھاگہ کو مستحکم رکھا جاسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جئے پرکاش نارائن کی اپیل پر لاکھوں مرد و خواتین نے ایمرجنسی کے خلاف جدوجہد شروع کی تھی ۔
حکومت دہلی کا بجٹ پیش
نئی دہلی۔/25جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی حکومت نے آج 41.129 کروڑ کا بجٹ پیش کردیا جس میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ریاستی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے بتایا کہ ان کی حکومت محصولیاتی نظام میں اصلاحات اور دہلی کو صحت کا مرکز اور عالمی درجہ کا شہر بنانے کیلئے اولین ترجیح دے گی۔