مکتھل ۔ 23اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دین و ایمان ایک عظیم نعمت ہے اس کے تقاضہ کو سمجھنا اور زندگی میں شعوری طور پر اس کا احساس پیدا ہوجانا ‘ یہی جذبہ ہر انسان کو عمل صالح کی طرف راغب کرتا ہے اور عمل صالح حُسن اخلاق ‘ دل کی صفائی و پاکیزگی اور باطنی ترقیکا نام ہے جو شخص اپنے باطن پر محنت کرتے ہوئے دل کو صاف و شفاف بنائے اور عمدہ اخلاق و کردار سے اپنے کو سنواریں روحانیت کے اعتبار سے وہ تکمیل ایمان کے درجہ کو پالے گا ۔ جمعیت الحفاظ مکتھل کے زیراہتمام مسجد نور برہان گڑھ میں منعقدہ ایک عظیم الشان اصلاحی مجلس کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا شاہ محمد فضل الرحمن محمود خلیفہ مفسر قرآن حضرت مولانا شاہ محمد کمال الرحمن قاسمی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے کہا کہ موجودہ ترقی یافتہ دور میں جہاں مادیت کا عروج ہے اور دین بیزاری ‘ عملی بے راہ روی اور آزاد خیال نے پوری قوم و ملت کو دین اسلام کی صحیح حقیقیت اور اس کے برکات سے محروم کر رکھا ہے ۔ ایسے میں زندگیوں میں ایمان کو مستحکم کرنے اور اخلاق و صفات کو سنوارنے اور اعمال صالحہ سے ماحول کو نرانیت میں تبدیل کرنے کیلئے حضرات علماء کرام ‘ صوفیا کرام اور بزرگوں اور اہل اللہ کی بابرکت مجلسوں وصحبتوں سے استفادہ اور بزرگوں و اکابر سے گہرا تعلق ہی سب سے بڑا ذریعہ ہے جس پر ہم سب کو بھرپور توجہ دینا چاہیئے ۔ مولانا شاہ محمد فضل الرحمن محمود نے کہاک اس فتنوں والے دور میں ایمان و اعمال کی حفاظت علماء کرام اور اکابرین سے وابستگی ہی میں مضمر ہے ۔ قبل ازیں مولانا محمد محبوب الرحمن مشہود نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں ہمارے بڑوں سے استفادہ کرتے ہوئے ہمیشہ اپنے دین و ایمان اور اعمال کے سلسلہ میں فکرمند رہنا چاہیئے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ اظہر الدین فیض کی تلاوت سے ہوا جبکہ حافظ محمد سلیم فیضی نے بارگاہ خیرالانام میں ہدیہ نعت پیش کی ۔ اس جلسہ کو مہمان علماء کرام کے علاوہ مولانا حافظ غلام محمد رشیدی ‘ مولانا حافظ عبدالقوی حسامی اور مولانا محمد عبدالعلیم کوثر قاسمی نے بھی مخاطب کیا ۔ اس جلسہ میں معززین شہر و نوجوانوں کے علاوہ جمعیت الحفاظ مکتھل کے ذمہ داران موجود تھے ۔