ایل کلاسیکو: بارسیلونا نے رئیل میڈرڈ کو شکست دے دی

میڈریڈ۔22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کے شہر میڈرڈ میں کھیلنے گئے اسپینش فٹبال لیگ لا لیگا کے ’ایل کلاسیکو‘ میچ میں بارسیلونا نے روایتی حریف ریئل میڈرڈ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ہے۔ بارسیلونا کی جانب سے لوئیس سوریر اور نیمار نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔سوریز نے دو جبکہ نیمار اور انیئسٹا نے ایک ایک گول اسکور کیا۔بارسیلونا کی جانب سے کھیلنے والے ارجنٹائن کے اسٹرائیکر لیونل میسی کی بھی اس میچ کے ذریعہ دو ماہ کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ گھٹنے کی چوٹ کے باعث کھیل سے دور تھے۔ کھیل کے آغاز سے قبل میدان میں پیرس حملوں کی یاد میں فرانسیسی قومی ترانہ پڑھا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔