بھوبنیشور 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکمراں بیجو جنتادل کی ویمن ونگ کی جانب سے پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف جمعرات کو یہاں انڈین آئیل کارپوریشن لمیٹیڈ (آئی او سی ایل) کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بیجو مہیلا جنتادل کے کارکنوں نے اس کی صدر اور سینئر ایم ایل اے پرمیلا ملک کی قیادت میں نعرے بلند کئے اور مرکزی حکومت پر الزام عائد کیاکہ 2014 ء میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے کم از کم 22 مرتبہ پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔
شمالی کشمیر میں حزب کا اڈہ
بے نقاب، دو افراد گرفتار
سرینگر 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج کہاکہ اُس نے جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے دو ارکان کو گرفتار کرتے ہوئے اُنکے سرگرم ورکرس کے اڈے کو بے نقاب کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ پولیس نے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم کے اڈہ کا پتہ چلایا جو کپواڑہ کے لولاب علاقے میں سرگرم تھا۔ خصوصی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دو افراد شاکر احمد وانی اور غلام مصطفی شیخ کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا جو دونوں ٹیکی پورہ اور لولاب کے ساکنین ہیں۔