ایل پی جی سے جی ایس ٹی ہٹانے کانگریس کا مطالبہ

نئی دہلی 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے گھریلو پکوان گیس (ایل پی جی) پر عائد پانچ فیصد جی ایس ٹی کی فی الفور برخاستگی کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ اس سے غریبوں پر مالی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ اے آئی سی سی کے سینئر ترجمان اجئے ماکن نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد ملک کے بعض حصوں میں پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں 32 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس سے عام آدمی اور بالخصوص غریب عوام متاثر ہورہے ہیں۔ ہم ایل پی جی سیلنڈر سے فی الفور جی ایس ٹی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔ ماکن نے مزید کہاکہ ’’ایندھن کی قیمتوں میں کمی نہ کرتے ہوئے حکومت ہر سال تین لاکھ کروڑ روپئے کا منافع حاصل کررہی ہے تو دوسری طرف ایل پی جی پر جی ایس ٹی عائد کرتے ہوئے غریبوں پر مالی بوجھ ڈال رہی ہے‘‘۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہونے سے متعلق حکومت کے دعویٰ کے برخلاف ان قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔

دیو میونسپلٹی الیکشن میں کامیابی سے کانگریس کے حوصلے بلند
نئی دہلی، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)مرکز کے زیر انتظام علاقہ دمن اور دیو کے دیو میونسپلٹی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد کانگریس کے حوصلے بلند ہیں اور اسے امید ہے کہ پارٹی گجرات اسمبلی میں ہونے والے الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔پیر کو معلنہ دیو میونسپلٹی الیکشن کے نتائج میں کانگریس نے تیرہ میں سے دس سیٹیں جیت لی ہیں۔ اس نے الیکشن میں بی جے پی کے بڑے امیدواروں کو بھی ہرادیا ۔ دیو میونسپلٹی الیکشن کے نتائج کے بعد گجرات کانگریس کے صدر بھرت سولنکی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھ اکہ دیو میونسپلٹی الیکشن میں عوام نے بی جے پی کی مسترد کردیا ہے ۔ خیال رہے کہ گجرات اسمبلی کے انتخابات اس سال کے اواخر میں ہونے والے ہیں۔