حیدرآباد یکم / اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ایل بی نگر کے علاقہ میں ایک شخص کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ تاہم اس شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ جس کی نعش کو پولیس نے ایک خاتون کے مکان سے دستیاب کرلیا ۔ جو سائی نگر روڈ نمبر تین پر واقع ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس شخص کی عمر 32 تا 35 سال بتائی گئی ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ مکان وینکٹماں نامی خاتون کا ہے ۔ جس کے مبینہ طور پر کئی افراد سے ناجائز جنسی تعلقات ہیں اور مقتول بھی مبینہ اسی کا ایک حصہ تھا ۔ ذرائع کے مطابق یہ نامعلوم شخص گذشتہ چند روز سے وینکٹماں کے مکان جارہا تھا جبکہ ایک اور شخص کا بھی اسی مکان کو آنا جانا تھا ۔ مقامی افراد کے بیان اور ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ ہر تھوڑے دن میں اس خاتون کے مکان کو آنے والے تبدیل ہوجایا کرتے تھے اور نئے نئے افراد کی آمد و رفت ہوتی تھی ۔ تاہم وینکٹماں اور اس کے ساتھ جو شخص تھا وہ بھی کل رات سے لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ جن کو پولیس شدت سے تلاش کررہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کل رات اس خاتون کے مکان پر شور شرابا اور چیخ و پکار سنی گئی تھی تاہم صبح پولیس کو اطلاع ملی کے ایک شخص کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نامعلوم شخص کے گلے پر تیز دھار ہتھیار سے وار کئے گئے اور اس کے سرپر وزنی پتھر ڈال کر اس کا قتل کردیا گیا ۔ پولیس ایل بی نگر نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔