ایلسٹرکک، ٹیسٹ کرکٹ میں سب زیادہ رنز بنانے والا برطانوی کھلاڑی

لیڈس۔ 31مئی (سیاست ڈاٹ کام)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کْک اپنے ملک کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔30 برس کے کک نے یہ ریکارڈ ہیڈنگلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قائم کیا۔کْک سے پہلے یہ ریکارڈ گراہم گوچ کے پاس تھا جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں آٹھ ہزار نو سو رنز بنائے تھے اور اس ریکارڈ کو 1995 سے اب تک کوئی نہیں توڑ سکا تھا۔جنھوں نے 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ شروع کی، ایک سو چودہویں میچ میں 46 سے زیادہ کی اوسط سے آٹھ ہزار نو سو دو رنز بنائے ہیں۔بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کک دنیا میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں تیرہویں نمبر پر آگئے ہیں۔موجود زمانے میں کرکٹ کھیلنے والوں میں صرف سری لنکا کے کمار سنگاکارا واحد ایسے کھلاڑی ہیں جو ایلسٹر کک سے آگے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے اوپر بھارت کے مایہ ناز کھلاڑی سچن تندولکر ہیں جن کے رنز کی تعداد 15 ہزار 921 ہے۔انگلینڈ کے ایلسٹر کک کے علاہ ٹیسٹ کرکٹ میں 8000 رنز سے زیادہ رنز بنانے والے انگلینڈ کے کھلاڑیوں میں بالترتیب گراہم گوچ (8900) ایلک سٹیورٹ (8463) ڈیوڈ گاور (8231) اور کیون پیٹرسن (8181) شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن لنچ کے بعد کک نے سات اوروں میں صرف دو رنز بنائے۔ تاہم ٹِم سودی کی گیند پر پوائٹ کی طرف ڈرائیو کرتے ہوئے چار رنز بنا کر کک نے بیٹنگ کوچ گراہم گوچ کو سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں پیچھے چھوڑ دیا انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ’ایلسٹر کک کے ریکارڈ کے بارے میں سب سے حیران کن بات یہ ہے ابھی ان کی عمر 30 سال ہے۔