انچیون ( جنوبی کوریا ) 21 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایشین گیمس کے نشانہ بازی مقابلوں میں دوسرے دن بھی ہندوستانی شوٹرس کی کارکردگی بہتر رہی اور انہوں نے مینس 10 میٹر ائر پستول ٹیم مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کیا جبکہ دپیکا پلالیکل کو ایشین گیمس میں وومنس سنگلس اسکواش کا پہلا میڈل ملنا یقینی ہوگیا ہے ۔
نئے ابھرتے ہوئے شوٹر جیتو رائے نے ‘ جنہوں نے کل ہندوستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتا تھا ‘ آج ایک بار پھر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے مینس ٹیم کو 10 میٹر ائر پستول مقابلہ میں برانز میڈل دلایا ۔ جیتو رائے نے ابتدائی مقابلوں میں بہترین مظاہرہ کیا اور اس کے نتیجہ میں انہیں 585 پوائنٹس حاصل ہوئے تھے جس کے بعد وہ میڈل راونڈ کیلئے کوالیفائی ہوئے ۔ کوالیفائنگ راونڈز میں انہوں نے دوسرا بہترین اسکور کیا تھا ۔ اس کے بعد ہندوستان کیلئے سمریش جنگ نے 580 پوائنٹس حاصل کئے اور انہیں کوالیفائنگ راونڈز میں نواں مقام حاصل ہوا ۔ پرکاش ننجپا نے 578 پوائنٹس کے ساتھ 14 واں مقام حاصل کیا حالانکہ ان کے پیر میں زخم ہیں ۔ ہندوستان نے اس طرح جملہ 1743 پوائنٹس حاصل کئے ۔ اتنے ہی پوائنٹس چین کو حاصل ہوئے تھے ۔ چین نے چونکہ درمیان میں بہتر کارکردگی دکھائی تھی اس لئے اسے سلور میڈل کا حقدار قرار دیا گیا اور ہندوستان کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا ۔ درمیان کے بلس آئی مقابلوں میں ہندوستان نے 64 پوائنٹس حاصل کئے تھے جبکہ چین نے 65 پوائنٹس لئے تھے اس کی وجہ سے اسے سلور میڈل حاصل ہوا ۔ میزبان جنوبی کوریا نے جملہ 1744 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ اسکواش مقابلوں میں ہندوستان کیلئے دپیکا نے میڈل کو یقینی بنالیا جبکہ ٹاپ سیڈ سورو گھوشل نے بھی مینس سنگلز زمرہ میں مسلسل تیسری مرتبہ پوڈیم فنش کو یقینی بنالیا ہے ۔ یہ دونوں اپنے اپنے مقابلوں میں سیمی فائنلس تک پہونچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
گھوشل نے پاکستان کے اقبال ناصر کو 11 – 6, 9 – 11, 11 – 2, 11- 9 سے شکست دی ۔ یہ مقابلہ 58 منٹ کا رہا تھا ۔ دپیکا نے دوسری جانب اپنی ہی ساتھی کھلاڑی سینئر جوشنا چنپا کو شکست دے کر میڈل کو یقینی بنالیا ۔ دپیکا کو چنپا کے مقابلہ میں 7 – 11, 11 – 9, 11 -8, 15 – 17, 11 – 9 سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ ہاکی میں ہندوستانی مینس ٹیم نے سری لنکا کے خلاف شاندار مظاہرہ کیا اور نسبتا کمزور سمجھی جانے والی ٹیم کے خلاف 8 – 0 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ پول بی کا یہ میچ ہندوستان کیلئے بہتر رہا ۔ ٹینس میں بھی ہندوستانی کھلاڑیوں کا مظاہرہ بہتر رہا ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے مینس ٹیم مقابلوں میں نیپال کے خلاف 3 – 0 سے کامیابی حاصل کی ۔
یوکی بھامبری نے جتیندرا پریار کے خلاف ایک بھی گیم میں شکست کھائے بغیر 6 – 0, 6 – 0 سے کامیابی حاصل کی جبکہ سانم سنگھ نے ابھیشیک بستولہ کے خلاف 6 – 0, 6 – 1 سے کامیابی حاصل کی ۔ اس کے بعد ہوئے ڈبلز مقابلہ میں ہندوستانی جوڑی دیویج شرن اور ساکیٹ مینانی نے سنتوش کھتری اور سونم داوا کے خلاف 6 – 0, 6 – 0 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ تاہم شوٹنگ مینس ٹراپ میں ہندوستانی نشانہ بازوں مانشیر سنگھ ‘ مانوجیت سنگھ سندھو اور ڈاریس کینان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹاپ ٹین میں بھی جگہ نہیں بناسکے ۔ جیتو رائے بھی 10 میٹر ائر پستول انفرادی مقابلوں میں میڈل نہیں جیت سکے ۔ انہیں اس مقابلہ میں چھٹا مقام حاصل ہوا ۔ ہاکی میں روپیندر سنگھ نے ہیٹ کرک کی جبکہ رمن دیپ سنگھ نے دو گول کئے ۔ دانش مجتبی ‘ کنگوجم چنگلینسانا سنگھ اور رگھوناتھ رامچندرا نے بھی ایک ایک گول کیا ۔ دوسرے مقابلوں میں ہندوستانی اتھیلیٹس کا مظاہرہ مایوس کن رہا اور وہ کوئی میڈل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔