نئی دہلی۔ 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام )دارالحکومت کے تاریخی میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں انڈونیشیا میں اگست میں ہونے والے 18 ویں ایشیائی کھیلوں کی ٹارچ ریلے اتوار کو منعقد کی گئی تھی لیکن نہ تو موجودہ وزیر کھیل راجیہ وردھن سنگھ راتھوڑ آئے اور نہ ہی سابق وزیر کھیل وجے گوئل ۔ٹارچ ریلے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں ہی منعقد پریس کانفرنس میں یہ پوچھنے پر کہ اتنے اہم ایونٹ میں راتھوڑ کو کیا مدعو نہیں کیا گیا تھا یا پھر ان کی کوئی پہلے سے مصروفیت تھی، آئی او اے کے صدر ڈاکٹر نریندر بترا نے کہاکہ پروٹوکول کے تحت ہم نے وزیر کھیل کو مدعو کیا تھا لیکن دو دن پہلے ان کی کوئی مصروفیت نکل آئی تو وہ نہیں آ پائے ۔سمجھا جاتا ہے کہ راٹھور نے ٹارچ ریلے میں نہ آ پانے کے بارے میں آئی او اے کو مطلع کر دیا تھا جس کے بعد آئی اواے نے سابق وزیر کھیل وجے گوئل کو مدعو کیا تھا جسے انہوں نے قبول کر لیا تھا لیکن گوئل بھی پروگرام میں نہیں پہنچ پائے ۔گوئل ،راٹھور سے پہلے وزیر کھیل تھے ۔گوئل کے بھی نہ آنے کے بارے میں پوچھنے پر بترا نے کہاکہ ہم بہتر ٹارچ ریلے پر توجہ دیں اور اس سے متعلق ہی سوال پوچھیں۔