ایشین گیمس ، ہندوستانی کبڈی ٹیم کیلئے قومی مہم

نئی دہلی ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) 18 ویں ایشین گیمس میں ہندوستانی کبڈی ٹیم مرد زمرہ میں متواتر آٹھواں اور خاتون زمرہ میں تیسرے گولڈ میڈل کیلئے کوشاں ہوگی جبکہ دبئی میں حالیہ منعقدہ کبڈی ماسٹرس 2018ء نے ہندوستانی کبڈی ٹیم میں اپنی حکمرانی ثابت کی ہے لہٰذا ماشل اسپورٹس کی جانب سے ملک بھر سے ہندوستانی کبڈی ٹیم کی حمایت کیلئے ایک مہم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت کبڈی شائقین قومی ٹیم کے مشن ایشین گیمس میں اپنا کردار بھی ادا کرسکتے ہیں۔ اس مہم کے تحت اجئے ٹھاکر، ایشانت دیواڈیگا، راہول چودھری، دیپک ہڈا اور روہت کمار ہندوستان بھر کے اسکولی طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے دل و ذہن میں موجود خیالات سے نہ صرف واقفیت حاصل کریں گے بلکہ ’’ریڈ فار گولڈ‘‘ نامی اس مہم کے تحت انہیں ہندوستانی کبڈی ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارخیال کرنے کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔ ہندوستان کے 19 شہروں میں 2000 سے زائد طلبہ تک یہ مہم رسائی حاصل کرے گی جس کے ذریعہ قومی ٹیم کے حوصلے بڑھائے جائیں گے۔