ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل کا بیان
نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل چھتری نے آج کہا ہے کہ اِن کی تمام تر توجہ ایشین گیمز پر مرکوز ہے جبکہ وہ انڈین سوپر لیگ جس کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے یہاں بھی بہتر مظاہرہ سے اپنے اعتماد کو بحال کرنے پر مرکوز ہے۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان سنیل نے کہاکہ فی الحال میری تمام تر توجہ ایشین گیمز پر مرکوز ہے اور یہی قومی ٹیم کی پہلی ترجیح ہے۔ ہندوستانی ٹیم کی تربیت کے لئے یکم جولائی سے کیمپ منعقد کیا جارہا ہے جو دراصل 19 ستمبر سے 4 اکٹوبر تک جنوبی کوریا کے شہر اِنچی آن میں کھیلا جائے گا۔ اِس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان نے کہاکہ یکم جولائی سے ٹیم کے لئے قومی کیمپ شروع ہورہا ہے
جس کے لئے ہم پُرعزم ہیں کیوں کہ اِس کیمپ کے ذریعہ قومی ٹیم ایشین گیمز پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کے لئے تیاری کی خواہاں ہے۔ گزشتہ مرتبہ جب چین میں ایشین گیمز کا انعقاد عمل میں آیا تھا ، اُس وقت ہندوستانی ٹیم بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام ہوئی تھی لیکن 4 برس قبل کی جانے والی ناقص کارکردگی کو پس پشت ڈالتے ہوئے اِس مرتبہ وہ بہتر مظاہرہ کے لئے کوشاں ہے تاکہ ملک میں فٹبال کے لئے ایک مثالی کارکردگی دی جائے۔ فیفا ورلڈکپ کے مطابق کئے گئے استفسار کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے برازیل کو اپنے گھریلو شائقین کے روبرو چھٹی مرتبہ چمپئن بننے کے لئے پسندیدہ ٹیم قرار دیا ہے۔ اِس کے علاوہ ارجنٹینا اور جرمنی بھی مضبوط دعویداروں میں شامل ہیں۔