اِنچیون (جنوبی کوریا)، 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تیراندازی نے شنبہ کو ہندوستان کی مہم چار تمغوں کے ساتھ شروع کی، جس میں مینس کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں حاصل کردہ گولڈ میڈل بھی شامل ہے جبکہ ہندوستان کیلئے آج 17 ویں ایشین گیمز میں سب سے ثمرآور دن ثابت ہوا جس کے بل بوتے پر مجموعی درجہ بندی میں اسے اچھال کے ساتھ 11 ویں پوزیشن حاصل ہوگئی ہے۔ ہندوستانی آرچرز نے ایشین گیمز کے آٹھویں روز کی شروعات تاریخی طلائی تمغہ جیت کر کیا جس کیلئے پسندیدہ ٹیم کوریا کو کمپاؤنڈ مینس ٹیم آرچری میں 227-224 سے شکست دی گئی۔
رجت چوہان، سندیپ کمار اور ابھیشک ورما کی تگڑی شروع سے پراستقلال رہے جیسا کہ انھوں نے وقفے وقفے سے نو، نو اور دس، دس شاٹ مارے، جبکہ کوریا کی حیران طور پر بے استقلال شروعات ہوئی۔ نوجوان تیرانداز ابھیشک ورما آج ہیرو ثابت ہوئے جیسا کہ انھوں نے رجت اور سندیپ کے ساتھ مل کر گییانگ ایشیاڈ آرچری فیلڈ میں کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں گولڈ جیتا اور انفرادی سلور میڈل بھی جیتا۔ ہندوستانی اسکوائش کھلاڑیوں نے بھی تاریخی مظاہرے کا اختتام عدیم النظیر مینس ٹیم گولڈ جیت کر کیا جبکہ ویمنس ٹیم نے اپنے اولین سلور میڈل پر اکتفا کیا۔ ایک سلور اور ایک برونز کے ساتھ ترتیب وار سورو گھوشال اور دپیکا پالیکل نے انفرادی ایونٹس میں ان گیمز میں اپنے بہترین تمغہ پر اختتام کیا۔ سونے پہ سہاگہ کے مصداق مینس ٹیم نے گھوش کی قیادت میں خطابی مقابلے میں ملائشیا کو شکست دیتے ہوئے تاریخی طلائی تمغہ جیتا۔
گھوشال نے اپنا بھرپور مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ہندوستان کو توانائی سے پُر مسابقت میں جو یورومل اسکوائش کورٹس میں دو گھنٹے اور 26 منٹ چلا، ملائشیا کے خلاف 2-0 کی جیت دلائی ۔ شوٹر چین سنگھ (50m رائفل 3 پوزیشن )، آرچر تریشا دیب (ویمنس کمپاؤنڈ انفرادی) اور ویمنس کمپاؤنڈ ٹیم …تریشا، پورواشا شنڈے اور جیوتی سریکھا… بھی آج میڈل ونرز (برونز) رہے جو ان گیمز میں ہندوستان کا بہترین دن ثابت ہوا۔ مزید چھ تمغوں کے اضافے پر ہندوستان جو کل 16 ویں پوزیشن پر تھا، آگے بڑھ کر 11 ویں مقام پر پہنچ گیا اور اس کے پاس دو گولڈ، چار سلور اور 17 برونز میڈلس ہیں۔ چین نے بدستور اپنے حریفوں کو متاثرکن تعداد 187 میڈلس (95-53-39) کے ساتھ پیچھے چھوڑ رکھا ہے، جس کے بعد ساؤتھ کوریا (35-41-38) اور جاپان (30-42-36) ہیں۔ جہاں آرچرز اور اسکوائش کھلاڑیوں نے اپنی میڈل جیتنے والی کارکردگی کے ساتھ ساری توجہ حاصل کی،
وہیں ہندوستانی باکسرز بھی اپنے حریفوں کے مقابل آسان فتوحات کے ذریعہ کوارٹر فائنلس میں داخل ہوگئے۔ اولمپک برونز میڈلسٹ ایم سی میری کوم نے کوریا کی کم یی کو مکوںکے ذریعہ مسابقت باہر کرتے ہوئے دو دیگر ہندوستانی خاتون باکسروں ایل سریتا دیوی اور پوجا رانی کے ساتھ کوارٹر فائنلس میں پہنچ گئیں۔ مینس ہاکی ٹیم نے بھی اپنی تمغہ کی امیدیں برقرار رکھی ہیں جیسا کہ وہ اپنے آخری پول B میچ میں چین کے مقابل غیراطمینان بخش 2-0 کی جیت کے ساتھ سیمی فائنلس میں پہنچ گئے، جہاں انھیں کوریا سے مسابقت کرنا ہے۔ شوٹنگ میں چین سنگھ نے زیادہ مقبول گگن نارنگ اور سنجیو راجپوت کے مقابل 50m رائفل 3 پوزیشن کامپٹیشن میں شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ سنگھ نے جملہ 441.7 پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے دو چینی شوٹرز …کاؤ ییفی اور زو قینن… کے پیچھے اختتام کیا جنھوں نے ترتیب وار 455.5 اور 452.2 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ہندوستان کے بہترین نتائج والے روز ٹیبل ٹینس میں بھی قوم کی امیدیں بدستور زندہ ہیں کیونکہ مینس اور ویمنس ٹیم پیڈلرز نے اپنے متعلقہ ابتدائی راؤنڈ کے میچز جیت لئے ہیں۔ کویت کے خلاف کھیلتے ہوئے انڈین مینس ٹیم نے مغربی ایشیائی حریف کو گروپ B میچ میں 3-0 سے شکست فاش دے دی۔ سومیاجیت گھوش، اچنتا شرت کمل اور املراج ارپتراج انتھونی نے کامیابیاں حاصل کئے۔ ہندوستانی ویمنس ٹیموں نے بھی ملائشیا اور نیپال کے خلاف اپنے متعلقہ گروپ میچوں میں کوئی غلطی نہیں کی۔ ریسلنگ میں ونیش پھوگت اور گیتیکا جاکھر نے ایک، ایک برونز جیتا ہے۔ ویمنس سیکشن میں پھوگت اور گیتیکا نے ترتیب وار 48kg اور 63kg فری اسٹائل ایونٹس میں شاندار کامیابیاں درج کرائیں۔
٭ دریں اثناء چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست کی ورشا ورمن کو برونز میڈل (ٹیم ایونٹ) جیتنے پر 50 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنے اولمپک مقاصد کی تکمیل کرسکیں۔ بھوپال کی اطلاع کے بموجب 19 سالہ ڈبل ٹراپ شوٹر ایشیا میں کارنامہ انجام دینے والی ریاست سے پہلی اسپورٹس پرسن بنی ہیں۔