ایشین گیمز:پاکستان ویمنس کرکٹ ٹیم فائنل میں

انچیون(جنوبی کوریا) ۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں چین کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ٹوئنٹی 20 کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کا فائنل میں مقابلہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ چین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 37 رنز بنائے اور 19 اوورز میں ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ چین کی طرف سے ژانگ می 41 گیندوں پر 14 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں جبکہ باقی تمام بلے باز 10 سے کم اسکور پر آؤٹ ہوئیں۔پاکستانی بولر ندا ڈار نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے تین اوورز پھینکے جن میں ایک میڈن رہا۔ بسما معروف نے 2 جبکہ ثنا میر اور اسماویہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جوابی اننگز میں جویریا خان نے 21 اور بسما معروف نے 13 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی طرف سے صرف مرینہ اقبال آوٹ ہوئیں۔