نئی دہلی 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بیجنگ اولمپکس کے چمپئن ابھینو بندرا نے ایشین ائر گن چمپئن شپ میں بہترین شوٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ لندن گیمس کے برانز میڈلسٹ گگن نارنگ نے بھی 10 میٹر ائر رائفل میں پوڈیم فنش کو یقینی بنایا ۔ 32 سالہ ابھینو بندرا نے 2008 کے اولمپکس میں 10 میٹر ائر رائفل مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا انہوں نے آج ہوئے مقابلہ میں ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے قزاقستان کے عالمی نمبر آٹھ یرکوف یوری کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ قزاقستان کے نشانہ باز کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا ۔ کوریا کے یو جیوچل نے برانز میڈل حاصل کیا ۔ آج مقابلوں کے پہلے دن گگن نارنگ کو اپنے مقابلوں میں چوتھا مقام حاصل ہوا جبکہ ایک اور ہندوستانی چین سنگھ نے ساتواں مقام حاصل کیا ۔ گگن نارنگ نے 2012 میں انہیں مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کیا تھا ۔