5-0 سے انگلینڈ کا مکمل صفایا،چار سال بعد آسٹریلیا کا ایشیس سیریز پر قبضہ
سڈنی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے سڈنی کے کرکٹ میدان پر کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایشیس سیریز میں انگلینڈ کو اتوار کے دن 281 رنز سے شکست دے دی اور اس طرح میچ کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوگیا۔ اسی کے ساتھ میزبان ٹیم نے اس سیریز میں 5-0 سے انگلینڈ کی ٹیم کا مکمل صفایا کردیا۔ تیسرے دن اتوار کو میزبان ٹیم نے انگلینڈ کے سامنے 448 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم 31.4 اوورس میں 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رائن ہیرس نے دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے لئے 5 وکٹس حاصل کئے جبکہ میشل جانسن کو 3 اور تھن لائن کو دو کامیابی ملی۔ انگلینڈ کی طرف سے مائیکل کاربیری نے 43 ، اسٹیوٹ براڈ نے 42 اور بین اسٹوکس نے 32 رنز بنائے۔ کپتان الیسٹر کک (7) ، ایان بیل (16)، کیون پیٹرسن (6)، گیری میزان (7)، جیمی بیرسٹو (0) ، اسکاٹ بارٹھوک (4) نے مایوس کن مظاہرہ کیا جبکہ آسٹریلیا نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹس پر 140 رنز بنالئے تھے۔ کرس راجرز نے 73 اور جارج بیلی 20 رنز پر ناٹ آؤٹ لوٹے تھے۔ میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 276 رنز بنائے۔ راجرز نے تیسرے دن اس سیریز کا تیسری سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 119 رنز بنائے۔ راجرز اور بیلی نے پانچویں وکٹ کیلئے 109 رنز جوڑے۔ بیلی نے 74 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ اس کے بعد بریڈ ہیڈن نے 28 رنز بنائے۔
راجرز کا وکٹ 255 رنز کے مجموعی اسکور پر گرا۔ راجرز نے 169 گیندوں پر 15 چوکے لگائے۔ انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹسٹ کھیل رہے برتھوک 3 وکٹس لئے جبکہ جیمس اینڈرسن نے بین اسٹوکس اور اسٹیورٹ براڈ کو 2 ، 2 کامیابیاں ملیں۔ پہلے ٹسٹ کھیل رہے دراز قد تیز گیند باز بیڈ رنکن نے بھی ایک کامیابی حاصل کی۔ انگلینڈ نے 3-0 سے بچھڑنے کے بعد ہی یہ سیریز گنوا دی تھیں۔ اس کے ہاتھ سے چار سال کے بعد ایشیس سیریز نکل گئی۔ ایسی امید تھی کہ چوتھا اور پانچواں ٹسٹ جیت کر انگلینڈ کی ٹیم اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کرے گی لیکن ایسا نہیں ہوا اور ملبورن اور سڈنی میں شکست کے ساتھ انگلینڈ نے اپنی ساکھ گنوا دی۔ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے ایشیس سیریز میں انگلینڈ کا 5-0 سے صفایا کرنے کے بعد کہا کہ گزشتہ سال مسلسل تیسری بار مانستھیڈ سیریز گنوانے کے بعد انہوں نے اتنی بڑی کامیابی کی امید نہیں کی تھی۔ انتہائی جذباتی نظر آرہے کلارک نے کہا کہ یہ ہمارے لئے ایک مسرت ترین لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گیند بازوں نے پوری سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیریز شروع ہونے سے پہلے ہم نے ان سے کہا تھا کہ ہمارا بولنگ اٹیک دنیا میں سب سے بہترین ہے اور انہوں نے اس بات کا گرہ باندھ لیا۔ انہوں نے سیریز میں اس بات کو ثابت بھی کردیا۔ آسٹریلیا نے 2007ء کے بعد پہلی بار ایشیس سیریز پر قبضہ کیا ہے۔
انگلش ٹیم مایوسی سے دوچار : کلارک
سڈنی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے کپتان الیسٹرکک نے آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشیس سیریز میں 5-0 سے ملی شرمناک شکست کے بعد اعتراف کیا کہ اس شکست نے ان کی ٹیم کو انتہائی مایوسی کا شکار بنا دیا ہے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم جلد ہی مایوسی کے دلدل سے باہر نکل آئے گی۔ چند ماہ پہلے ہی ہوم گراؤنڈ پر 0-3 سے ایشیس سیریز جیتنے والی انگلش ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں اس سیریز کے ہر میچ میں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کو پانچوں میچوں میں بالترتیب 281 رنز، 218 رنز، 150 رنز، 8 وکٹس اور 281 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کک نے کہا کہ ہماری ٹیم میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے، لیکن ہم ان پانچ میچوں میں ان صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ اس صورتحال سے باہر آنے کیلئے ڈریسنگ روم میں ہمیں بہت ہمت اور جرأت دکھانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے لئے یہ سوچنا انتہائی افسوسناک ہے کہ ہم پانچوں میچ میں بری طرح شکست کھا گئے۔ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے اس حقیقت کا اعتراف کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔