ایشیا کے 50 بہترین کھلاڑیوں میں 3 سعودی کے نام

جدہ۔26 جنوری (سیاست ڈاٹ کا م ) برطانوی میگزین نے 2017 ء کے دوران ایشیا کے 50 بہترین کھلاڑیوں میں 3 سعودی کھلاڑیوں کو شامل کرلیا۔ فہد المولد، محمد السہلاوی اور نواف العابد کو ایشیا کے 50 بہترین کھلاڑیو ںمیں شمار کیا گیا ہے۔ اب تک صرف 2 سعودی کھلاڑی اس فہرست میں آرہے تھے۔ شامی کھلاڑی عمر السوما کو مذکورہ فہرست سے خارج کردیا گیاہے۔دریں اثناء سعودی فٹبال کھلاڑیوں کو اسپین کی کلبوں میں کھلانے کا معاہدہ طے ہوا ہے۔ جس کے بعدسعودی کھلاڑی یورپین انٹرنیشنل کلبوں میں بھی کھیلیں گے۔یہ معاہدہ سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی اور اسپین کی لیگا ڈی فٹبال پروفیشنل کے مابین ریاض میںطے پایا ہے۔ نامور کھلاڑی فہد المولد جو اتحاد کلب سے کھیلتے ہیںان کامعاہدہ اسپین کی لیونتی کلب سے طے ہواہے۔سالم الدوسری الہلال کے مڈ فیلڈرہیں انہیں اسپین کی رئیل ویلاڈولڈ کلب کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملے گا۔یحییٰ الشہری النصر کلب کے کھلاڑی ہیں اسپین کی فٹبال کلب لیگانز کی جانب سے کھیلیں گے۔فیفا ورلڈ کپ 14جون تا 15جولائی 2018ء تک روس میں کھیلا جائیگا۔ افتتاحی میچ سعودی عرب اور میزبان روس کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ سعودی عرب کی ٹیم نے 2006ء کے بعد ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ بین الاقوامی معروف اسپینش فٹبال کلبوں کے ساتھ ان معاہدوں سے سعودی عرب میں فٹبال کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ اس شراکت کا پہلی مرتبہ اعلان اکتوبر 2017ء میں ہوا تھا۔ معاہدے کی ایک شق کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحتیں ابھریں گی۔ ان کھلاڑیوں کا ناموں کا اعلان کئی ماہ کے ٹیلنٹ ہنٹ کے بعد عمل میں آیاہے۔