اسلام آباد ، 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مقابلے کیلئے ہندوستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ پاکستان اور ہندوستان 27 فروری کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر نے کہا کہ حالیہ کارکردگی اور فام کی وجہ سے ہندوستان کو پاکستان پر قدرے برتری حاصل ہے۔ انہوں نے ایک ہندوستانی اخبار سے گفتگو میں کہا کہ یہ اچھا میچ ہو گا اور ہندوستانی ٹیم کے حالیہ فام اور ان کے کھیل کو دیکھتے ہوئے وہ میچ کیلئے فیورٹ ہو سکتے ہیں۔ اکرم نے کہا کہ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کیلئے یہ ایونٹ ہندوستان میں آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاری کا ایک اچھا موقع ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشنز کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چمپینس میں سے تین اس ایونٹ میں شریک ہوں گے۔ لہٰذا یہ بات بھی اپنے آپ میں ایونٹ کی دلچسپی میں اضافہ کرنے کیلئے کافی ہے۔ سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ اپنی سرزمین پر بنگلہ دیش انتہائی مشکل ٹیم ہے اور اسے ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس ایونٹ سے تمام ٹیموں کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بہترین ترکیب تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان آخری مقابلہ 2015ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں ہوا تھا جہاں فتح نے ہندوستانی ٹیم کے قدم چومے تھے اور اس نے ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ ہندوستان کو گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان سے دوطرفہ سیریز کھیلنا تھا لیکن اسے عملی جامع نہیں پہنایا جا سکا۔ ہندوستان کے بعد پاکستان کا اگلا مقابلہ 29 فروری کو متحدہ عرب امارات سے ہو گا جس کے بعد شاہد آفریدی زیرقیادت پاکستان 2 مارچ کو بنگلہ دیش اور پھر 4 مارچ کو سری لنکا کے مدمقابل ہو گا۔