ایشیا کپ کرکٹ : ہندوستان اور پاکستان کا 27 فروری کو مقابلہ

ڈھاکہ ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کے شیڈول کا آج اعلان کردیا گیا، جس کے تحت روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور پاکستان ایشیا کپ میں اب تک دس مرتبہ آمنا سامنا کرچکے ہیں جہاں پانچ میچز پاکستان نے جیتے جبکہ دیگر پانچ میں ہندوستان کامیاب رہا۔ ٹورنمنٹ کے گزشتہ ایڈیشن میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے میچ کے آخری اوور میں پاکستانی ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔ یہ ٹورنمنٹ 24 فروری سے 6 مارچ تک ہندوستان، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایک کوالیفائر ٹیم کے درمیان بنگلہ دیش کے میرپور میں کھیلا جائے گا۔ کوالیفائر ٹیم کیلئے افغانستان، ہانگ کانگ، عمان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان مسابقت رہے گی اور فاتح ٹیم ایشیا کپ میں پانچویں رکن کی حیثیت سے شرکت کرے گی۔ اس ٹورنمنٹ کا فائنل 6 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کا اختتام 23 فروری کو ہوگا جس کے فوری بعد یعنی 24 فروری کو اس ٹورنمنٹ کا آغاز ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز 8 مارچ سے ہوگا جو کہ ہندوستان میں کھیلا جائے گا۔