ڈھاکہ ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ T20 کرکٹ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 7وکٹ سے ہرادیا۔ شعیب ملک اور عمر اکمل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ گزشتہ شب یہاں امارات کی جانب سے دیئے گئے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہیں ہوا اور صرف17رنز پر تین بیٹسمین محمد حفیظ11، شرجیل خان 4 اور خرم منظور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ چکے تھے۔ تاہم اس موقع پر سینئر بیٹسمن شعیب ملک اور عمراکمل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور114رنز کی نا قابل شکست شراکت قائم کی۔ شعیب 63 اور عمر اکمل 50 رنز بنا کر نا قابل شکست رہے اور امارات کی ٹیم کو7وکٹوں سے شکست دی۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کا یہ 100واں میچ ہوا۔پاکستان سو میچ مکمل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ شعیب ملک ،محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے پاکستان کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی نمائندگی کی تھی۔ امارات کی جانب سے اُن کے کپتان امجد جا وید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک کو63رنز کی عمدہ اننگز پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔